قندھار ہائی جیک کے ملزم مشتاق زرگر کے مکان پر چھاپہ

   

سرینگر: جموں و کشمیر پولیس نے سری نگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائی کے تحت 21 مقامات پر چھاپے مارے ۔ ان مقامات میں پاکستان میں مقیم مطلوب دہشت گرد مشتاق احمد زرگر کا آبائی گھر بھی شامل ہے ، جو 1999 میں قندھار میں ہائی جیک ہونے والی انڈین ایئر لائنز کی پرواز آئی سی 814 کے بدلے میں رہا کیا گیا تھا۔ ممنوعہ تنظیم العمر مجاہدین کے سپریمومشتاق زرگر اس وقت پاکستان میں مقیم ہے اور کئی برسوں سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ ہے ۔ 2023 میں، اس کے گھر کو این آئی اے نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت ضبط کر لیا تھا۔ پولیس نے اس گھر کی دوبارہ تلاشی لی تاکہ اس سے وابستہ نیٹ ورک اور ممکنہ معاونین سے متعلق شواہد اکھٹے کیے جا سکیں۔ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ یہ چھاپے مکمل قانونی کارروائی کے تحت ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور غیر جانبدار گواہوں کی موجودگی میں انجام دیے گئے ۔