نتیش کمار کانگریس کی شمولیت کے حامل ،کے سی آر کانگریس بغیر اپوزیشن اتحاد چاہتے ہیں
حیدرآباد۔27۔ فروری (سیاست نیوز) قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف اپوزیشن محاذ کے قیام کی کوششوں میں کانگریس پارٹی کی شمولیت کو لے کر اختلافات پائے جاتے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات 2024 ء میں قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کے قیام کے سلسلہ میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار گزشتہ کئی ماہ سے سرگرم ہیں اور انہوں نے بائیں بازو جماعتوں سے مذاکرات کرتے ہوئے کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن محاذ کی تشکیل کی سفارش کی ہے۔ جنتا دل یونائٹیڈ ، ڈی ایم کے ، راشٹریہ جنتا دل اور بائیں بازو جماعتوں نے کانگریس کی شمولیت کے بغیر اپوزیشن محاذ کی تشکیل کو بے فیض قرار دیا لیکن چیف منسٹر تلنگانہ اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کانگریس کے بغیر اپوزیشن محاذ کی تشکیل کے خواہاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر کو عام آدمی پارٹی کی تائید حاصل ہے۔ ابتداء میں کے سی آر اور نتیش کمار نے مخالف بی جے پی محاذ کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا تھا لکن تازہ ترین صورتحال میں دونوں قائدین کے درمیان دوریاں بڑھ چکی ہیں۔ شمالی ریاستوں کی اپوزیشن جماعتوں کو امید ہے کہ کے سی آر کانگریس کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہوجائیں گے لیکن ابھی تک کے سی آر کا جو موقف ہے ، وہ کانگریس کے بغیر مخالف بی جے پی محاذ کی تشکیل کے حق میں دکھائی دے رہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے پرینری سیشن میں محاذ کی تشکیل کے لئے ہم خیال جماعتوں سے بات چیت کا اشارہ دیا۔ کانگریس کا ماننا ہے کہ اگر ان کے بغیر محاذ تشکیل ہوتا ہے تو اس کا راست فائدہ بی جے پی کو ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق نتیش کمار چاہتے ہیں کہ قومی سطح پر کانگریس کی قیادت میں محاذ تشکیل دیا جائے اور وزیراعظم کے عہدہ کیلئے بھی کانگریس ہی سے موزوں نام کی تجویز حاصل کی جائے ۔ دوسری طرف تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات تک بی آر ایس نے کانگریس کے ساتھ کسی بھی اتحاد یا مفاہمت سے انکار کیا ہے۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کی اصل ہریف کانگریس ہے اور کے سی آر ماقبل انتخابات مفاہمت کے ذریعہ اپنی کمزوری ظاہر کرنا نہیں چاہتے۔ راہول گاندھی اور کے سی آر دونوں نے اسمبلی انتخابات کیلئے ایک دوسرے سے مفاہمت کے امکانات کو خارج کردیا ہے تاہم دونوں پارٹیوں میں موجود بعض سینئر قائدین کو یقین ہے کہ تلنگانہ میں معلق اسمبلی کی صورت میں دونوں کے درمیان اتحاد ہوسکتا ہے ۔ آئندہ عام انتخابات میں وزارت عظمیٰ کے لئے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے مسئلہ پر بھی اپوزیشن متحد نہیں ہے۔ کے سی آر نے وزارت عظمی کیلئے نتیش کمار کے نام کی تائید کی ہے جبکہ بی آر ایس کے بعض قائدین کے سی آر کو مستقبل کے وزیراعظم کے طور پر پیش کر رہیں۔ نتیش کمار نے بالواسطہ طور پر وزارت عظمی کیلئے راہول گاندھی کے نام کی تائید کی ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی صف بندی کس نوعیت کی ہوگی ۔ ر