نئی دہلی: نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے چہارشنبہ کو اراکین پارلیمنٹ اور دیگر منتخب نمائندوں سے ’آزادی کے امرت مہوتسو‘ کے پیغام اور قومی پرچم سے جذباتی لگاؤ کو لوگوں تک پہنچانے کی اپیل کی۔لال قلعہ سے وجے چوک تک اراکین پارلیمنٹ کی ’ہر گھر ترنگا‘بائیک ریلی کو جھنڈی دکھاتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات ان بے شمار قربانیوں کی یاددہانی کرتی ہیں جو ہمارے آزادی پسندوں نے نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف جدوجہد میں دی تھیں۔ انہوں نے جدوجہد آزادی پر بھی زور دیا کہ وہ بہادری اور سماجی ہم آہنگی کی داستانیں سنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم فخر کے ساتھ اپنا قومی پرچم لہراتے ہیں، جو کہ اتحاد، ہم آہنگی اور عالمگیر بھائی چارہ کی اپنی قومی اقدار کی عکاسی کرتے ہیں‘‘۔اس موقع پر مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، وزیر ثقافت جی۔ کشن ریڈی، خواتین اور اطفال کی ترقی کی وزیر سمرتی ایرانی، امور نوجوانان اور وزیرکھیل انوراگ ٹھاکر، پارلیمانی امور اور ثقافت کے وزیرمملکت ارجن رام میگھوال، وزیر مملکت برائے امور خارجہ میناکشی لیکھی اور وی مرلی دھرن سمیت ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد موجود تھی۔مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور وزیراعظم نریندر مودی پہلے ہی قوم سے اپیل کرچکے ہیں کہ سوشل میڈیا پر اپنی ڈی پی کو آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر ترنگے سے بدل دیں۔