لوک سبھا کے کانگریس امیدواروں کے اعلان میں تاخیر کا امکان

   

سروے رپورٹ کے بعد سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے لوک سبھا امیدواروں کی دوسری فہرست کی اجرائی میں تاخیر کا امکان ہے۔ امیدواروں کو طئے کرنے کیلئے نئی دہلی میں کل منعقدہ سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں ناموں پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔17 لوک سبھا حلقوں میں کانگریس نے 5 حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس 15 مارچ کے بعد منعقد ہوگا جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی شرکت کریں گے۔ تلنگانہ میں مختلف پروگراموں کے نتیجہ میں ریونت ریڈی نے کل کے اجلاس میں شرکت نہیں کی لہذا ناموں کو قطعیت نہیں دی جاسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل الیکشن کمیٹی نے کرناٹک، راجستھان، چھتیس گڑھ اور ہریانہ کے امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا۔ تلنگانہ کے 11 لوک سبھا حلقوں کیلئے امیدواروں میں کافی مسابقت ہے لہذا کانگریس نے ہر حلقہ میں سروے کا فیصلہ کیا ہے۔ سروے رپورٹ کی بنیاد پر آئندہ سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے چار امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔1