سیاست ، ملت فنڈ و سیرت الزہرا کمیٹی سے شیعہ برادری کا دو بہ دو پروگرام
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سیاست ، ملت فنڈ اور سیرت الزہرا کمیٹی کے تعاون و اشتراک سے آج اعجاز منزل دارالشفاء میں شیعہ لڑکے اور لڑکیوں کو رشتوں کا دو بہ دو ملاقات پروگرام منعقد ہوا ۔ جس میں شیعہ برادری کے والدین و سرپرستوں نے شرکت کرتے ہوئے خوشنودی کا اظہار کیا ۔ جناب علی رضا صدر کمیٹی و کنوینر نے خیر مقدم کیا اور کہا کہ عرصہ دراز سے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی سرپرستی و نگرانی میں رشتوں کا یہ کامیاب پروگرام ریاستی سطح پر ہی نہیں بلکہ ملکی و عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کرچکا ہے ۔ انہوں نے کمیٹی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ مولانا علی حیدر فرشتہ نے کہا کہ لڑکا اور لڑکی کو رشتہ ازدواج سے جوڑنے کا یہ عمل اللہ تعالیٰ کو بڑا پسندیدہ ہے ۔ جو لوگ اس کارخیر میں گواہ بنتے ہیں وہ رب کے نزدیک نیکیاں پالیتے ہیں ۔ معاشرہ میں جہاں بہت ساری برائیاں جنم لے رہی ہیں وہیں زنا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ اس کے سدباب کے لیے واحد راہ یہی ہے کہ نوجوان نکاح کریں ۔ انہوں نے اس کار خیر میں جناب زاہد علی خاں ، جناب ظہیر الدین علی خاں کا شکریہ ادا کیا جن کی دلچسپی کے باعث شیعہ طبقہ میں بھی شادی کو آسان بنانا اور رشتوں کے انتخاب میں آسانیاں پیدا کرنے کی سبیل پیدا ہوئی ہے ۔ مولانا سید لقمان حسین موسوی نے سیاست اور ملت فنڈ و سیرت الزہرا کمیٹی سے اظہار تشکر کیا کہ جو لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے لیے عملی طور پر میدان میں سرگرم ہیں۔ مولانا علی مرتضیٰ نے کہا کہ نکاح جو رسول کریم ﷺ کی سنت ہے جس کا سلسلہ حضرت آدم علیہ السلام سے چل رہا ہے اور یہ دنیا جب تک قائم و دائم رہے گی مسلمان لڑکے و لڑکیاں نکاح کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے رشتوں کے انتخاب میں مشطاؤں کی دھوکہ دہی اور چٹخار والی باتوں سے اپنے آپ کو بچائے رکھنے پر زور دیا ۔ پروگرام میں ایس ایس سی تا گریجویشن ، پوسٹ گریجویشن کے لڑکوں اور لڑکیوں کے والدین نے بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کروائے اور رشتوں کا انتخاب بھی کیا ۔ محترمہ شمیم کی نگرانی میں خواتین اور ماؤں کی رہبری کے ساتھ رجسٹریشن کیا گیا ۔ جناب خالد محی الدین اسد ، ڈاکٹر دردانہ اور دوسروں نے والدین و سرپرستوں کی رہنمائی کی ۔ اس موقع پر جناب توصیف عباس ، مصطفی ، امانت خاں ، جعفر حسین ، عابد علی اور دوسروں نے اعجاز منزل پہنچ کر سیرت الزہرا کمیٹی جناب علی رضا اور ان کے رفقاء کار کو اس پروگرام کی مساعی پر مبارکباد دی ۔۔