لیفٹننٹ جنرل ہرپال سنگھ تلنگانہ حکومت کے اعزازی مشیر آبپاشی مقرر

   

حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست (سیاست نیوز) لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ ہرپال سنگھ کو تلنگانہ حکومت کا اعزازی مشیر برائے آبپاشی مقرر کیا گیا ۔ چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے جی او آر ٹی 1131 جاری کرتے ہوئے لیفٹننٹ جنرل ہرپال سنگھ کے تقرر کی توثیق کی۔ وہ دو سال تک اس عہدہ پر کسی بھی اعزازیہ کے بغیر برقرار رہیں گے اور جائزہ حاصل کرنے کی تاریخ سے ان کی مدت کا شمار ہوگا۔ جنرل ہرپال سنگھ ہندوستانی فوج میں 40 سالہ خدمات کا وسیع تر تجربہ رکھتے ہیں اور انہوں نے ہندوستانی دفاعی افواج کے لئے اسٹریٹجک انفراسٹرکچر کے شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ دفاعی شعبہ کے کئی سیول انفراسٹرکچر پراجکٹ کی تکمیل میں انہوں نے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیا۔ وہ ڈائرکٹر جنرل بارڈر روڈ آرگنائزیشن اور ہندوستانی فوج میں انجنیئر انچیف کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ دفاعی سرنگوں کی تیاری اور زیر زمین انفراسٹرکچر اثاثہ جات کی تیاری میں جنرل ہرپال سنگھ کا اہم رول رہا۔1