نئی دہلی، 19 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ماحول کے تحفظ کے نام پر ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ہفتہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹھوس اندیشہ ظاہر کیا کہ ‘ماحولیات پر لمبی لمبی تقریریں کرنے والے ‘ ایسے لوگ جوہری توانائی کو فروغ دینے کی ان کی کوشش کو روکنے کے لیے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹا سکتے ہیں۔انہوں نے بجلی پیدا کرنے کے کاربن سے پاک ذرائع کو فروغ دینے کی اپنی حکومت کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ”اور اب ملک جوہری توانائی کی پیداوار پر تیزی سے کام کر رہا ہے ۔ اور جو لوگ ماحولیات پر لمبی لمبی تقریریں کرتے رہتے ہیں، جب میں جوہری توانائی کا کام آگے بڑھاؤں گا تو اسے روکنے کے لیے عدالتوں میں جاکر کھڑے ہو جائیں گے ۔” مسٹر مودی یہاں قومی سبز ٹریبونل (این جی ٹی) کی جانب سے ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کی رفتار پر منعقد کیے جا رہے 2 روزہ بین الاقوامی پروگرام کا افتتاح کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جوہری توانائی کے شعبے میں نجی شعبے کی اکائیوں کو بھی شامل کرنے کا راستہ بنایا گیا ہے ۔