مادیگا برادری کو ریاستی کابینہ میں شامل کرنے کیلئے نمائندگی

   

چھ ارکان اسمبلی کا کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکتوب
حیدرآباد 23 مئی ( سیاست نیوز ) کانگریس کے چھ ارکان اسمبلی نے پارٹی صدر ملکارجن کھرگے اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کسی ایک مادیگا رکن اسمبلی کو ریاستی کابینہ میں شامل کرنے نمائندگی کی ہے ۔ پانچ مادیگا ارکان اسمبلی ایم سامیل ‘ وی ویریشم ‘ کے ستیہ نارائنا ‘ اے لکشمن کمار ‘ ٹی لکشمی کانتا راؤ اور کے یادیا نے ملکارجن کھرگے اور ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ مادیگا برادری کی ریاست میں پچاس لاکھ سے زائد آبادی ہے اور یہ برادری کانگریس کی حامی ہے ۔ درج فہرست ذاتوں میں دو تہائی آبادی رکھنے کے باوجود اہم عہدوں پر مادیگا طبقہ کی نمائندگی بہت کم ہے ۔ درج فہرست ذاتوں کیلئے محفوظ پارلیمانی حلقوں میں دو حلقے مالا طبقہ کو دئے گئے اور ایک محفوظ ایم ایل سی نشست ایم ایل اے کوٹہ کے تحت بھی مالا طبقہ کو دی گئی ۔ موجودہ کابینہ میں ڈپٹی چیف منسٹر اور اسپیکر کے عہدے بھی مالا برادری کو حاصل ہیں۔ ایک کابینی عہدہ چھوٹی مادیگا ذیلی ذات کو دیا گیا ہے جو ایس سی طبقہ کا صرف ایک فیصد ہے ۔ اس کے برخلاف بڑی مادیگا برادری کو جو ریاست کی آبادی کا نو فیصد حصہ ہے کوئی اہم کابینی نمائندگی نہیں دی گئی ہے ۔ان ارکان اسمبلی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں بھی مادیگا برادری کو کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا تھا ۔ ان ارکان اسمبلی نے کسی ایک رکن اسمبلی کو کابینہ میں شامل کرکے تاریخی عدم توازن کو دور کرنے کی اپیل کی ہے ۔