مارکو روبیو کی عالمی فوجداری عدالت پر کڑی تنقید

   

واشنگٹن۔ 14 نومبر (ایجنسیز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی فوجداری عدالت کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ پر ایسے بین الاقوامی قوانین مسلط کرنے سے باز رہے جنہیں واشنگٹن نے تسلیم نہیں کیا، انہوں نے عالمی قوانین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر بھی کڑی تنقید کی ہے۔ فیڈرلِسٹ سوسائٹی کے قومی وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کو بعض بااثر حلقے اپنے مفادات کے حصول اور مخصوص مقاصد کی تکمیل کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی فوجداری عدالت کو اپنی حدود کا خیال رکھنا چاہیے اور طاقتور فریقوں کے خلاف قوانین کے نفاذ کی کوشش سے گریز کرنا چاہیے۔ امریکی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت ایسے قانونی ضابطوں کے ذریعہ امریکہ کو پابند کرنے کی کوشش کر رہی ہے جنہیں واشنگٹن نے کبھی قبول نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ ایسے کسی قانونی دائرہ اختیار کو تسلیم نہیں کرتا جو اس کی رضامندی کے بغیر اس پر لاگو کرنے کی کوشش کی جائے۔ مارکو روبیو کا یہ سخت مؤقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت نے تقریباً ایک ماہ قبل عالمی فوجداری عدالت کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن نے اس موقع پر عدالت کی سرگرمیوں کو شدید متاثر کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا، جس سے امریکہ اور عالمی فوجداری عدالت کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔