مافیا راج ختم کر کے ڈبل انجن حکومت تبدیلی لائیگی:وزیر اعلی یوگی

   

بارابنی (مغربی بنگال)، 16اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مغربی بنگال کے بارابنی اسمبلی حلقہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ٹی ایم سی کے کارکن بی جے پی حامیوں کو ہراساں کر رہے ہیں اور جمہوری ماحول کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے شیاما پرساد مکھرجی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ’ایک ملک، ایک قانون‘ کے خواب کو وزیر اعظم مودی کی قیادت میں شرمندہ تعبیر کیا گیا ہے۔ یوگی نے کہا کہ کشمیر سے دفعہ 370 ہٹنے کے بعد اب وہاں بھی وہی قانون لاگو ہے جو ملک کی دیگر ریاستوں میں ہے ۔ ٹی ایم سی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی نے الزام لگایا کہ ریاست میں ’’ٹیرر (خوف)، مافیا راج اور کٹ منی کرپشن‘‘ کا دور دورہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت ریت مافیا، کول مافیا اور لینڈ مافیا کو ختم کرنے کا عزم کر چکی ہے۔