مانصاحب ٹینک فلائی اوور کا مرمتی کام

   

رات کے وقت فلائی اوور بند رکھنے کا فیصلہ ، دن میں حسب معمول ٹریفک برقرار
حیدرآباد۔16جولائی (سیاست نیوز) مانصاحب ٹینک فلائی اوور کے مرمتی کاموں کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے آئندہ دیڑھ ماہ کے لئے رات کے اوقات میں فلائی اوور کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور لکڑی کا پل سے مہدی پٹنم کی سمت جانے والی ٹریفک کو فلائی اوور کے استعمال سے روکنے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں جبکہ مہدی پٹنم سے لکڑی کا پل آنے والی ٹریفک کے لئے فلائی اوور کو حسب معمول استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ بارش کے دوران مانصاحب ٹینک فلائی اوور سے گرنے والے پانی کے راستہ کے سبب ہونے والی مشکلات اور برج میں پیدا ہونے والے اس نقص کو فوری طو رپر دور کرنے کے لئے اقدامات کا فیصلہ کیاگیا ہے تاکہ اس فلائی اوور کو جو کہ 25سال قبل تعمیرکیاگیا تھا مستحکم و مضبوط بنایاجاسکے۔ ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اس فلائی اوور کے کاموں کو رات کے اوقات میں کرنے کا فیصلہ کیاہے تاکہ دن کے اوقات میں اس انتہائی مصروف ترین علاقہ کی ٹریفک میں کوئی خلل نہ پڑے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس سے بلدی عہدیداروں نے مشاورت کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ رات 10بجے تاصبح 6 بجے کے دوران مانصاحب ٹینک فلائی اوور کے ایک حصہ کو بند کرتے ہوئے ان کاموں کو مکمل کیا جائے اور دن کے اوقات میں ٹریفک میں کسی بھی طرح کا کوئی خلل پیدا نہ ہو۔مانصاحب ٹینک فلائی اوور میں چند سال قبل ارتعاش کی شکایت کے بعد اس کی مرمت انجام دی گئی تھی لیکن گذشتہ چند یوم سے بارش کے دوران فلائی اوور کے ایک حصہ سے پانی نیچے گرنے لگا تھا۔جی ایچ ایم سی کے انجنیئر اور ماہرین کی ٹیم نے فلائی اوور کا معائنہ کرنے کے بعد اس کی فوری طور پر مرمت کی تجویز پیش کی جس کے سبب خیریت آباد زونل کمشنر کی نگرانی میں فوری طور پر مرمتی کاموں کا آغاز کیا جا چکا ہے ۔جی ایچ ایم سی کے ذرائع کے مطابق فلائی اوورسے گرنے والے پانی کو روکنے کے لئے اقدامات اس لئے بھی ناگزیر ہیں کیونکہ مسلسل اگر پانی گرنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں فلائی اوور کی مضبوطی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بلا کسی تاخیر کے فوری طور پر مرمت کے اقدامات کا فیصلہ کیاگیا ہے۔3