ماہ ِ جماد ی الثانی کی فضیلت و اہمیت

   

مرسلہ : عبداللہ محمد عبداللہ
ماہ جمادی الثانی ہجری اعتبار سے چھٹا مہینہ ہے،اس مہینے پر اسلامی سال کا نصف ہوتا ہے، اس کو جمادی الاخریٰ بھی کہا جاتا ہے، مفسر علامہ ابن کثیر رحمہ اللہ نے اپنی شہرہ آفاق تفسیر میں اس کی وجہ تسمیہ یہ ذکر کی ہے کہ یہ نام ’’جمادی‘‘ اور ’’الثانی‘‘دو لفظوں کا مجموعہ ہے،جمادی جمد سے بنا ہے جس کے معنی’’ ٹھنڈک‘‘ کے آتے ہیں اور الثانی کا معنی ہے ’’دوسرا‘‘۔ یوں اس کا مجموعی مطلب بنتا ہے ’’دوسری ٹھنڈک‘‘۔جس زمانہ میں اس مہینے کا نام تجویز کیا گیا اس وقت عرب میں اس قدر سخت سردی پڑ رہی تھی کہ برتنوں میں پڑا ہوا پانی جم جاتا تھااور یہ اس سردی کا دوسرا مہینہ تھا،اس موسمی کیفیت کے پیش ِ نظر اس ماہ کا نام جمادی الثانی رکھا گیا۔
اس ماہ میں بہت سے تاریخی واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے اس مہینے کو مسلمہ تاریخی حیثیت حاصل ہے اور یہ اہل ِ سیر اوراہل ِ تاریخ کی مباحث کا موضوع رہا ہے،لہٰذا سیرت و سوانح کی کتب کے معتبر حوالوں سے اس ماہ پیش آنے اہم معرکوں اورمعروف شخصیات کی وفات کا مختصر ذکر پیش کیا جاتا ہے۔ اس ماہ میں ہونے والا اہم ترین معرکہ ’’یرموک‘‘ ہے جو خلیفہ راشد حضرت عمر بن خطاب ؓکے عہد ِ مبارک میں پیش آیا۔یہ جنگ مسلمانوں کیلئے تاریخی حیثیت رکھتی ہے ، اس جنگ کی کمان حضرت ابوعبیدہ ؓکے ہاتھ میں تھی،مسلمانوں کے مدِ مقابل رومی فوج تھی۔ دریائے یرموک کے کنارے ہونے والی اس جنگ میں مسلمانوں نے جرأت و بہادری کے انمٹ نقوش چھوڑے۔رومی فوج مسلمانوں سے چار گنا زیادہ تھی اور ان کی طرف سے اس قدر سخت تیر اندازی ہوئی کہ تیروں میں سورج چھپ گیا ،لیکن اس کے باوجود مسلمانوں نے اسے پسپا کر کے روم پر فتح کے جھنڈے گاڑ دیے اور اس دور کی سوپرپاور طاقت کو ملیا میٹ کر کے رکھ دیا۔
۱۵ ہجری ماہ ِ جماد ی الثانی میں بصرہ شہر کی بنیاد رکھی گئی،یہ علاقہ بھی حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے عہد ِ زریں میں مسلمان فوج کے زیر ِ نگیں آیا تھا۔اس شہر کی آبادی کا سہرا حضرت عتبہ بن غزوان کے سر ہے،حضرت عمرؓنے ان کو یہ ذمہ داری سونپی کہ ایلہ نامی بندرگاہ کے قریب ایک شہر بسائیں، امیر المومنین کی ہدایت پر حضرت عتبہؓ آٹھ سو آدمیوں کو لے کر روانہ ہوئے،یہ جگہ خالی میدان تھی، زمین کنکریلی تھی اور گردوپیش کہیں پانی اور سبزہ کا نام و نشان بھی نہیں تھا۔ حضرت عتبہؓ نے مناسب جگہوں پر مکانات بنوا کر محلے آباد کیے،عوامی ضروریات کیلئے سرکاری عمارتیں تعمیر کروائیں۔یہاں کی نئی آبادی کی دینی ضروریات کیلئے باقاعدہ طور پر تعلیمی حلقے قائم کیے اور ماہر معلمین کا انتظام کیا۔دیکھتے ہی دیکھتے یہ چھوٹا سا قصبہ بہت بڑے شہر کی صورت اختیار کر گیا اوراس کا شمار بڑے شہروں میں ہونے لگا۔آج بھی اس شہر کو ایک تاریخی حیثیت حاصل ہے اور اُمت کے کبار مفسرین، محدثین ،مؤرخین اور صوفیاء ِ کرام نے اس کی مردم خیز مٹی سے جنم لیا ہے۔
ماہ ِ جمادی الثانی میں جن جلیل القدر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی وفات حسرت ِ آیات کے المناک سانحات پیش آئے ان میں ایک نام حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ کا ہے۔ان کی کنیت ابوعبداللہ تھی اور قبیلہ بنو سلمہ کے چشم و چراغ تھے،بیعت عقبہ ثانیہ کے موقع پر مشرف بہ اسلام ہوئے۔امام ابی حاتم رحمہ اللہ نے انہیں اصحاب ِ صفہ میں شمار کیا ہے۔ امام محمد بن سیرینؒ فرماتے ہیں کہ حضرت کعب بن مالک ؓکا شمار نبی کریم ﷺکے خاص درباری شعراء میں ہوتا تھا،باختلاف ِ اقوال آپ ؓکی وفات چالیس ،پچاس یا اکیاون ہجری میں ہوئی۔
رسول ِ اکرم ﷺکے چچازاد بھائی حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کا سانحہ ارتحال بھی اسی ماہ میں پیش آیا۔ آپ رضی اللہ عنہ پوری جماعت ِ صحابہ میں سب سے زیادہ قرآنی علوم کے ماہر تھے ،اسی بناء پر آپ رضی اللہ عنہ کو ’’رئیس المفسرین ‘‘ ، ’’ترجمان القرآن‘‘ اور حبر الامۃ‘‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ جب مسلمان شعب ِ ابی طالب کی قید کاٹ رہے تھے اس وقت ان کی پیدائش ہوئی۔ قرآنی علوم پر مہارت کے ساتھ ساتھ اعلیٰ درجے کے فقیہ بھی تھے،ان کے حلقہ درس میں جلیل القدر صحابہ وتابعین شریک ہو کر کسب ِ فیض کرتے تھے۔ عقلی کمال کا عالم یہ تھا خلفاء ِ راشدین کے ادوار میں اُنہیں مشیر کے عہدے پر فائز کیا گیا۔
ماہ َ جمادی الثانی ۲۲ ہجری میں مشہور صحابی حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ کے انتقال ِ پرملال کا واقعہ پیش آیا۔ آپؓ ایک درویش مزاج اور انتہائی سادہ زندگی گزارنے والے تھے،کسی شخص کا بلند مکان دیکھتے تو برہم ہو جاتے اور اس کو تنبیہ کرتے ہوئے فرماتے کہ اتنی مختصر زندگی میں اتنی بڑی عمارتیں کیوں بناتے ہو،عبادت کا شوق اس قدر غالب تھا اس عظیم مقصد کیلئے اپنی تجارتی سرگرمیاں موقوف کر دیں۔مالی اعتبار سے بہت کمزور تھے لیکن خود دار تھے اور کسی کے سامنے دست ِ سوال دراز نہیں کرتے تھے۔