متنازعہ بیان، بی جے پی ایم ایل اے کے خلاف مقدمہ

   

رانچی۔ 5 اکتوبر (آئی اے این ایس) جھارکھنڈ پولیس نے گڑھوا سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ستیندر ناتھ تیواری کے خلاف چیف منسٹر ہیمنت سورین کی والدہ روپئی سورین کے بارے میں مبینہ طور پر قابل اعتراض بیان دینے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس نے درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے خلاف مظالم کی روک تھام سے متعلق قانون (ایس سی/ایس ٹی ایکٹ) کی متعلقہ دفعات سمیت دیگر قوانین کے تحت مقدمہ درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق گڑھوا کے رنکا پولیس اسٹیشن میں گاسیڈاگ گاؤں کے رہنے والے شراون سنگھ کھروار کی تحریری شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی۔ شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ ستیندر ناتھ تیواری نے ایک ویڈیو میں روپئی سورین کے بارے میں قابل اعتراض اور توہین آمیز تبصرے کیے تھے، جسے بعد میں آن لائن بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ مبینہ تبصرے اس وقت کیے گئے جب روپئی سورین علیل تھیں اور اسپتال میں زیر علاج تھیں۔شراون سنگھ کھروار نے پولیس کو بتایا کہ مبینہ تبصروں سے نہ صرف انہیں ذاتی طور پر تکلیف پہنچی بلکہ درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والی برادری کے جذبات بھی مجروح ہوئے ہیں۔شکایت کنندہ نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ مبینہ ویڈیو کی ریکارڈنگ ثبوت کے طور پر پین ڈرائیو میں فراہم کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس)، انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد ایف آئی آر درج کی اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔