چنڈی گڑھ: کسانوں کے احتجاج کے دوران کھنوری سرحد پر قتل کیے گئے نوجوان کسان شوبھکرن سنگھ کے خاندان کو پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے جمعہ کے روز ایک کروڑ روپے کی مالی امداد دینے اور ساتھ ہی مقتول کی بہن کو سرکاری نوکری دینے کا بھی اعلان کیا۔ مان نے کہا کہ وہ شہید کسان کے خاندان کے تئیں اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت مکمل طور پر سوگوار خاندان کے ساتھ ہے اور خاندان کی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ مان نے خاندان کو سماجی اور اقتصادی طور پر مکمل تعاون اور امداد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ یہ ریاستی حکومت کا اخلاقی فرض ہے ۔وزیر اعلیٰ نے نوجوان کسان کے بہیمانہ قتل کے مجرموں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کے لیے ریاستی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔