مجالس مقامی چناؤ، اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر حکومت کی کارکردگی کا جائزہ

   

ارکان اسمبلی کو سروے کی ذمہ داری، عوامی نمائندوں کی کارکردگی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری اہم ایجنڈہ

حیدرآباد۔ 15 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے دیڑھ سال کی تکمیل اور مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات کے پس منظر میں عوامی رائے جاننے کے لئے کانگریس ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقہ جات میں سروے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ دیڑھ سال میں حکومت کی کارکردگی خاص طور پر انتخابی وعدوں کی تکمیل اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں رائے دہندوں کا ردعمل جاننے کے لئے سروے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقہ جات میں خانگی اداروں کو سروے کی ذمہ داری دی ہے۔ سروے کے ذریعہ اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جائے گی کہ حکومت کی کارکردگی پر عوام کا ردعمل کیا ہے۔ حکومت کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ ارکان اسمبلی کی عوامی خدمات کے بارے میں بھی رائے دہندوں کی رائے حاصل ہوگی۔ سماج کے مختلف شعبہ جات سے حکومت اور ارکان اسمبلی کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کئے جائیں گے۔ حکومت کی اسکیمات کے حقیقی مستحقین تک پہنچنے اور اسکیمات میں شفافیت کا جائزہ لیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی حلقہ جات میں اپوزیشن پارٹیوں کے موقف کا بھی سروے سے بخوبی اندازہ ہو جائے گا۔ مجالس مقامی انتخابات سے قبل مواضعات اور منڈل سطح پر کانگریس قائدین اور کارکنوں کی عوامی مقبولیت کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ ٹکٹوں کی تقسیم میں عوامی مقبول قائدین کو ترجیح دی جائے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ریاست گیر سطح پر سروے کے پس منظر میں ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے اپنے حلقہ جات میں سروے کا اہتمام کریں تاکہ حقیقی صورتحال کا پتہ چلایا جاسکے۔ بنیادی سطح پر فلاحی اسکیمات کے فوائد اور ترقیاتی کاموں پر عمل آوری کے سلسلہ میں رائے عامہ کے حصول سے مجالس مقامی چناؤ میں کانگریس پارٹی بہتر مظاہرہ کرسکتی ہے۔ مجالس مقامی کے انتخابات ریونت ریڈی حکومت کے لئے کسی چیالنج سے کم نہیں۔ انتخابات میں بہتر مظاہرے کے ذریعہ چیف منسٹر کی قیادت مزید مستحکم ہوگی۔ 1