پٹنہ :بہار کے سیوان میں مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) لیڈر عارف جمال کا برسرعام قتل کر دیا گیا ہے۔ 23 دسمبر کی دیر شام سیوان میں بدمعاشوں نے مجلس اتحادالمسلمین ضلع صدر عارف جمال کو گولی مار دی جس سے ان کا انتقال ہو گیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا۔واقعہ حسین گنج تھانہ علاقہ کے قطب چھپرا موڑ پر پیش آیا جہاں عارف جمال اپنی دکان پر بیٹھے ہوئے تھے۔ اسی دوران ایک بائک پر سوار تین نامعلوم بدمعاش پہنچے اور گولی چلا دی۔ عارف جمال کی فاسٹ فوڈ کی دکان ہے جہاں تقریباً 9 بجے ان پر گولی چلائی گئی۔ کچھ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ واقعہ 8.30 بجے سے 9 بجے کے درمیان کا ہے۔ گولی مارنے کے بعد بدمعاش فرار ہو گئے۔ آناً فاناً میں عارف کو زخمی حالت میں ایک پرائیویٹ ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔اس معاملے میں حسین گنج پولیس اسٹیشن چیف وجئے یادو نے بتایا کہ عارف جمال کو جرائم پیشوں نے گولی ماری ہے جس سے ان کی موت ہو گئی۔ خبر ملی ہے کہ وہ دکان پر بیٹھے ہوئے تھے تبھی بائک سوار جرائم پیشہ افراد نے ان پر گولی چلائی۔ گولی ان کے پیٹ میں لگی تھی۔ مقامی لوگ اور اہل خانہ انھیں لے کر ہاسپٹل پہنچے جہاں ان کی موت کی اطلاع دی گئی۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ عارف جمال کے پیٹ میں بدمعاشوں کی ایک ہی گولی لگی تھی، حالانکہ بدمعاشوں نے تین راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔ واقعہ کے بعد زخمی عارف کو لے کر لوگ پہلے صدر ہاسپٹل گئے تھے، پھر ایک پرائیویٹ ہاسپٹل پہنچے جہاں ان کی موت کی خبر دی گئی۔ واقعہ کے بعد عارف جمال کے گھر میں ماتم کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔