’’مجھے ایک بار پھر خوف محسوس ہورہا ہے‘‘: بلقیس بانو

,

   

سپریم کورٹ کی جانب سے عصمت دری کے دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کیے جانے پر مظلوم خاتون صدمے اور بے یقینی کا شکار

نئی دہلی:/17 نومبر (ایجنسیز)گجرات میں 2002 کے فسادات کے دوران بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے مقدمہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت دیے جانے کے بعد متاثرہ خاتون نے کہا ہے کہ وہ صدمے اور بے یقینی کی کیفیت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے انہیں نہ تو اعتماد میں لیا اور نہ ہی ان کا موقف سنا، اس کے باوجود حکم جاری کردیا۔سینئر ایڈوکیٹ شوبھا گپتا کے توسط سے جاری کردہ اپنے بیان میں بلقیس بانو نے کہا کہ ’’درد، صدمے اور بے یقینی کے تازہ آنسوؤں کے درمیان میرے لیے الفاظ ادا کرنا بھی مشکل ہورہا ہے۔ مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا کہ دوسری مرتبہ سپریم کورٹ نے مجھے طلب کیے بغیر اور میری بات سنے بغیر حکم صادر کردیا۔ مجھے اس کا علم اخباری اطلاعات کے ذریعے ہوا۔‘‘جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسانا بی ورالے پر مشتمل بنچ نے 28 اکتوبر کو اپنے حکم میں بپن چند کنایالال جوشی عرف لالا ڈاکٹر اور پردیپ رامن لال موڈھیا کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے مقرر کی جانے والی شرائط کے تحت ضمانت پر رہا کرنے کی ہدایت دی۔ بنچ نے اپنے مشاہدے میں کہا کہ اپیل کنندگان میں سے ایک کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا اور تقریباً تین سال بعد اسے اس مقدمہ میں ملوث کیا گیا۔ عدالت نے ان کی سزا معطل کردی ہے جبکہ بمبئی ہائی کورٹ کے 2017 کے اس فیصلے کے خلاف ان کی اپیلیں زیر التوا ہیں، جس میں ان کی سزاؤں اور عمر قید کی توثیق کی گئی تھی۔بلقیس بانو نے کہا کہ وہ گزشتہ 24 برس سے انصاف کے حصول کے لیے جدوجہد کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’جب میری دنیا اجاڑ دی گئی، میری نومولود بیٹی، میرا خاندان، میرا گھر اور انسانیت پر میرا اعتماد بے رحمی سے مجھ سے چھین لیا گیا، اس وقت میری عمر محض 19 سال تھی۔ اس دن سے گزشتہ 24 برسوں کے دوران میں نے اپنے اور دنیا بھر کی خواتین کے لیے انصاف کی خاطر بار بار جدوجہد کی ہے۔ ان 24 برسوں میں مجھے ایسی ہمت اور حوصلہ ملا جس کا مجھے خود بھی اندازہ نہیں تھا۔ یہ سب ان لاکھوں لوگوں کی حمایت اور یکجہتی کی بدولت ممکن ہوا جن کی آوازیں میرے ساتھ اٹھیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’میں انصاف کے حصول کے لیے ایک کے بعد دوسرے عدالتی دروازے پر پہنچی اور ہر مرتبہ جب مجھے انصاف ملا تو میں نے شکر ادا کیا۔ ہر مرتبہ عدل و انصاف کے تصور پر میرا اعتماد بحال ہوا۔ خاندان اور دوستوں کی محبت اور تعاون سے میں نے اپنی اجڑی ہوئی زندگی کو دوبارہ تعمیر کیا۔سپریم کورٹ کے حکم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بلقیس بانو نے کہا ’’لیکن آج مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جس انصاف کے لیے میں نے اتنی طویل جدوجہد کی تھی، وہی انصاف مجھ سے چھینا جارہا ہے۔ ماضی کے خوف دوبارہ لوٹ رہے ہیں۔ مجھے ایک بار پھر اپنے لیے، اپنے خاندان اور اپنے بچوں کے لیے خوف محسوس ہورہا ہے۔ آخر سپریم کورٹ ان افراد کی سزا کیسے معطل کرسکتی ہے جنہوں نے میرے ساتھ یہ ظلم کیا؟ مجھے اس فیصلے کی اطلاع تک کیوں نہیں دی گئی؟ عدالت میں میری آواز سنی جانے کو یقینی کیوں نہیں بنایا گیا؟‘‘