الیکشن کمیشن کے جاریہ تنازعہ کے دوران سوشیل میڈیا پر راہول گاندھی کا دلچسپ پوسٹ
حیدرآباد۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن کے دو کمشنرس کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے فیصلوں پر اعتراض کے پس منظر میں سوشیل میڈیا پر ایک دلچسپ پوسٹ کیا ہے۔ راہول گاندھی نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ وہ سمندر میں اس وقت تیرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جب اس میں طلاطم ہو اور موجوں کا اتار چڑھاؤ ہو۔ موجوں کے درمیان تیراکی سے اس بات کا سبق ملتا ہے کہ سمندر میں موجیں بھی ایک طرح کی خاموشی ہیں۔ میں اس وقت سمندر میں تیراکی کو پسند کرتا ہوں جب وہ عروج پر ہو۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر راہول گاندھی نے اس پوسٹ پر مزید کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ یہ پوسٹ ایسے وقت کیا گیا جب 23 ستمبر کو انڈین ایکسپریس میں الیکشن کمیشن کے بارے میں ایک تحقیقی رپورٹ شائع ہوئی جس میں انکشاف کیا کہ الیکشن کمشنرس سکھبیر سنگھ سندھو اور ویویک جوشی نے گزشتہ 10 ماہ میں 14 مرتبہ چیف الیکشن کمشنر کے فیصلوں پر اعتراض جتایا ہے۔ فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم سے متعلق یکطرفہ فیلصوں پر دونوں کمشنرس نے تحریری طور پر اعتراض درج کرایا۔ الیکشن کمیشن میں مبینہ طور پر اختلافات کا معاملہ قومی سطح پر موضوع بحث بن چکا ہے۔ راہول گاندھی گزشتہ دو برسوں سے SIR کے نام پر ووٹ چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے ووٹ چوری کے حق میں کئی ثبوت پیش کئے جس کے ذریعہ اس بات کو ثابت کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کے سسٹم میں چھڑ چھاڑ کے ذریعہ لاکھوں کی تعداد میں رائے دہندوں کے نام حذف کردیئے گئے۔ راہول گاندھی کے الزامات انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے بعد درست ثابت ہوئے ہیں۔ انڈیا الائنس نے 30 ستمبر کو اپنا اجلاس طلب کیا ہے تاکہ ووٹ چوری اور الیکشن کمیشن کے دھاندلیوں کے خلاف متحدہ جدوجہد کی جاسکے۔ 1؍F