ٹی آر ایس حکومت کو ایٹالہ راجندر کی دھمکی
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے الزام عائد کیا کہ ان کے قتل کی سازش کی جارہی ہے اور اسی سازش کے تحت منوگوڑ میں انتخابی مہم کے دوران ان پر حملہ کیا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ ایک قطرہ خون بھی بہتا ہے تو اس کے لئے چیف منسٹر کے سی آر کو ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کے ذریعہ بی جے پی قائدین پر حملے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں غیرضروری طور پر کئی افراد کو گن لائسنس جاری کیا گیا۔ چیف منسٹر کے اس کھیل سے بی جے پی خوفزدہ نہیں ہوگی۔ حضورآباد میں ٹی آر ایس کی شکست کے بعد سے کے سی آر نے میرے خلاف سازش شروع کردی ہے۔ راجندر نے کہا کہ منوگوڑ میں ٹی آر ایس کی جانب سے رقم اور شراب کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ٹی آر ایس کی جانب سے حملوں کو برداشت نہیں کرے گی اور مناسب جواب دیا جائے گا۔ راجندر نے کہا کہ اگر انہیں نشانہ بنایا جاتا ہے تو مرکزی حکومت خاموش نہیں رہے گی۔ر