ارکان اسمبلی کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور ضلع میں راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج ٹیکنالوجیز کے کیمپس کے قیام پر اظہار تشکر کیا۔ متحدہ محبوب نگر ضلع کے ارکان اسمبلی وائی سرینواس ریڈی، جی مدھو سدن ریڈی، وی سری ہری، جے انیرودھ ریڈی، سی ایچ پرکاش ریڈی، ٹی میگھا ریڈی، وی شنکر نے چیف منسٹر سے ٹرپل آئی ٹی کیمپس کے قیام پر اظہار تشکر کیا اور کہاکہ متحدہ محبوب نگر ضلع کے نوجوانوں کو کیمپس کے قیام سے مختلف کورسیس میں تعلیم کے مواقع دستیاب رہیں گے۔ سکریٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم یوگیتا رانا نے تعلیمی سال 2025-26ء سے محبوب نگر میں راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج ٹیکنالوجیز کیمپس کے قیام سے متعلق جی او ایم ایس 24 جاری کیا۔ کیمپس میں جن کورسیس کی تعلیم کا انتظام رہے گا اُن میں کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ (آرٹیفیشل انٹلی جنس اینڈ مشین لرننگ) اور کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ (ڈیٹا سائنس) شامل ہیں۔ وائس چانسلر راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج ٹیکنالوجیز اور کمشنر ٹکنیکل ایجوکیشن کو کیمپس کے قیام کے مراحل کی تکمیل کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ریاست کے تمام متحدہ اضلاع میں حکومت راجیو گاندھی یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔1