حیدرآباد :11 مئی ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے محبوب نگر میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ۔ موٹر سائیکل کی ٹکر سے کار میں سوار ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ بائیک ریسنگ کے جنون نے ایک خاندان کو تباہ کردیا ۔ تقریباً 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے موٹر بائیک کار سے ٹیکرا گئی اور کار میں سوار 30سالہ عرشیہ بیگم ، 7سالہ حذیفہ اور دو سالہ عامر ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو بھی ہلاک ہوئے جو سمجھا جارہاہے کہ موٹر سائیکل( بائیک ریسنگ) میں ملوث تھے ۔ان میں سے ایک کی شناخت 25سالہ یعقوب افضل کی حیثیت کرلی گئی ہے ۔ یعقوب افضل کا تعلق حیدرآباد سے بتایا گیا ہے ۔ حادثہ شہر محبوب نگر کے بائی پاس روڈ پر پالاکنڈہ جنکشن کے قریب پیش آیا ۔ موٹر بائیک کی رفتار کا اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل بڑی زور سے کار سے ٹکرانے کے بعد دور جاگری اور گاڑی کے پرخچے اُڑ گئے ۔ اس تیز رفتاری کے سبب کار میں سوار خاندان کی بھی موت ہوگئی ۔ حادثہ کے بعد محبوب نگر میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور متوفی خاندان کے لواحقین نے ارباب مجاز سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔ مقامی افراد نے پولیس پر لاپرواہی کا الزام لگایا ہے ۔ بارہا شکایتوں اور توجہ دہانی کے باوجود پولیس بائیک ریسنگ قابو پانے میںناکام ہوئی ہے ۔ اس علاقہ میں تقریباً 20موٹر سائیکلوں کے جھنڈ کی ریسنگ ہوتی ہے ۔شہر حیدرآباد و دیگر مقامات سے محبوب نگر کو پہنچ کر علاقہ کو بائیک ریسنگ کا مرکز بنایا جارہا ہے ۔ مقامی افراد اور متوفی خاندان کے لواحقین نے حکومت اور پولیس سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔