محفل خواتین کی گولڈن جوبلی تقریب

   

ادبی میگزین کی رسم اجرا ، قمر جمالی و دیگرکا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( راست ) : محفل خواتین کی گولڈن جوبلی تقریب 12 نومبر کو بصدارت محترمہ قمر جمالی ، اردو ہال میں منعقد ہوئی ۔ انہوں نے خطبہ صدارت میں محفل کی ستائش کرتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ 50 سال کا طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود عہدہ داران اور اراکین محفل نے قدیم روایات کو برقرار رکھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین متحد ہو کر اپنے جائز حقوق منوا کر سماج میں تبدیلی لاسکتی ہیں ۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر اودیش رانی باوا نے کہا کہ اردو زبان قومی یکجہتی اور بین الاقوامی ہم آہنگی کی زبان ہے ۔ خواتین قوت ارادی سے کام لے کر زندگی کے ہر شعبہ میں اہم فیصلے لے سکتی ہیں ۔ ڈاکٹر آمنہ تحسین نے اپنے خطاب میں قلم کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ اپنے قلم کو تعمیری مقصد کے لیے استعمال کریں ۔ محترمہ لکشمی دیوی راج نے اردو زبان کے فروغ کے لیے قلم کار خواتین کی کوششوں کو ثمر آور قرار دیا ۔ محترمہ سرور بابو خاں نے محفل کے ادبی میگزین کی رسم اجرا انجام دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ قبل ازیں مہمانوں کی شال پوشی کرتے ہوئے ہدیہ گل پیش کئے گئے ۔ ڈاکٹر حمیرہ سعید نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ ثریا جبین سکریٹری نشر و اشاعت نے سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ اس موقع پر محترمہ مظفر النساء ناز ( یکے از بانیان محفل ) اور دیگر عہدہ داران کو بہتر کارکردگی کے لیے مومنٹوز پیش کئے گئے ۔ جلسہ کی کارروائی ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی نے نہایت عمدگی سے چلائی ۔ 8 نومبر کو منعقدہ تقریری مقابلے کی انعام یافتہ خواتین وطالبات کو رقمی ، ترغیبی انعامات کے ساتھ اسناد دی گئیں ۔ ڈاکٹر نکہت آراء شاہین نے شکریہ ادا کیا ۔ تقریب میں خواتین و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔