محمد سلیم حج کمیٹی اور مسیح اللہ خاں وقف بورڈ کے صدور نشین

   

چیف منسٹر نے ناموں کو منظوری دیدی ، بورڈ ارکان میں ملک معتصم خاں ، نثار آقا و یاسمین باشاہ شامل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وقف بورڈ اور حج کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دیدی ہے ۔ صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ کے نام پر اتفاق رائے نہ ہونے کے سبب اراکین کے انتخاب کے باوجود بورڈ کی تشکیل تعطل کا شکار تھی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے وزیر داخلہ محمد محمود علی اور حلیف جماعت کی قیادت سے مشاورت کے بعد مسیح اللہ خاں کو صدر نشین وقف بورڈ اور الحاج محمد سلیم کو حج کمیٹی کے صدور نشین کے عہدوں پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق دونوں اداروں کی تشکیل کے لیے عنقریب احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ وقف ایکٹ اور حج ایکٹ کے مطابق پہلے ارکان کا تقرر کیا جاتا ہے اور وہ اجلاس میں صدر نشین کا انتخاب کرتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ 7 مئی کو وقف بورڈ کے صدرنشین کے انتخاب کے لیے اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ محمد سلیم اور مسیح اللہ خاں وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے صدر نشین کے عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ محمد سلیم وقف بورڈ صدر نشین کے عہدہ پر 2 میعادمکمل کرچکے ہیں اور اس مرتبہ بھی صدر نشین کے عہدہ کے لیے ان کا نام چیف منسٹر کے پاس زیر غور تھا تاہم حلیف جماعت سے مشاورت کے بعد محمد سلیم اور مسیح اللہ خاں کے اداروں کو آپس میں تبدیل کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ کی صدارت کے لیے کئی دعویدار تھے لیکن انٹلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر تمام ناموں کو مسترد کردیا گیا ۔ وقف بورڈ کے 6 ارکان کا الیکشن کے ذریعہ انتخاب فروری کے اواخر میں مکمل ہوچکا ہے جن میں اسد اویسی ، فاروق حسین ، کوثر محی الدین ، مولانا اکبر نظام الدین ، بندگی پاشاہ اور ذاکر حسین جاوید شامل ہیں ۔ یاسمین باشاہ آئی اے ایس کو حکومت کے نمائندہ کے طور پر شامل کیا جائے گا جب کہ ملک معتصم خاں ( سنی اسکالر ) ، نثار حسین حیدر آقا ( شیعہ اسکالر ) اور مسیح اللہ خاں ( سماجی کارکن ) زمرہ میں نامزد کیے جائیں گے ۔ حکومت حج کمیٹی کے ارکان کے ناموں کو بھی قطعیت دے چکی ہے ۔۔ ر