حکومت انفرااسٹرکچر کی فراہمی میں مدد کرے گی، پولیس عہدیداروں کے ساتھ بھٹی وکرامارکا کا اجلاس
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلنگانہ پولیس کو عصری بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن مدد کرے گی کیونکہ تلنگانہ پولیس نے اپنی کارکردگی کے ذریعہ ملک میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ بجٹ تجاویز پر اجلاس کے دوران بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ ریاست کے ہر شہری کو تحفظ کا احساس فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تمام ضروریات اور انفرااسٹرکچر کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تیزی سے ترقی کررہا ہے اور خاص طور پر حیدرآباد کے اطراف علاقے تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ تلنگانہ ملک میں ترقی پذیر شہری ریاست کے طور پر اپنی شناخت بناچکی ہے۔ شہر کے اطراف تین زونس ہیں اور ایک نئے زون کا فیوچر سٹی کے طور پر اضافہ ہورہا ہے۔ ریجنل رنگ روڈ کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ مالیاتی ضرورتوں کے تحت حیدرآباد میں دیگر ریاستوں سے نقل مقام میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ ریاست کا موسم اور روزگار کے مواقع دیگر ریاستوں سے بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سرحدی علاقوں کے مسائل کی یکسوئی اور پولیس عہدیداروں کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس ملک میں بہتر کارکردگی کا ریکارڈ رکھتی ہے۔ جرائم اور خاص طور پر سائبر کرائم کیسس کی یکسوئی میں تلنگانہ پولیس کا شاندار ریکارڈ ہے۔ انہوں نے پولیس کوارٹرس کی تعمیر کیلئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عہدیداروں کو سی ایس آر فنڈز کو اکٹھاکرتے ہوئے محکمہ پولیس کے استحکام پر خرچ کرنا چاہیئے۔ گذشتہ ایک سال میں محکمہ پولیس میں کئے گئے تقررات اور موجودہ مخلوعہ جائیدادوں کا ڈپٹی چیف منسٹر نے جائزہ لیا۔ پولیس عہدیداروں نے 8 ڈیویژنوں بالخصوص گرے ہاونڈ، نارکوٹک، انٹلی جنس، فائر اور ایکس سرویس مین کیلئے درکار بجٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر نے محکمہ پولیس پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، ہوم سکریٹری روی گپتا، ڈائرکٹر جنرل ابھیلاش بشٹ، گرے ہاونڈ اور آکٹوپس کے ایڈیشنل ڈی جی اسٹیفن رویندرا ، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ سدھیر بابو اور کمشنر پولیس سائبرآباد اویناش موہنتی نے شرکت کی۔1