اوٹکور :22/مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مدرسہ امتہ الحسیب للبنات لڑکیوں کا دینی ادارہ ہے جو جناب مغل سلیم نیلور کی ذمہ داری میں اوٹکور مستقر میں جناب عباد الرحمان کلوال کے مکان پر چلایا جارہا ہے۔ اس مدرسہ میں طالبات کو دینی و عصری دونوں تعلیم دی جاتی ہے۔ اس مدرسہ کا پہلا سالانہ اجلاس بروز اتوار 19 مارچ کو مسجد محمدی سلفی نگر میں منعقد ہوا جس کی صدارت مولانا عارف حسین جامعی نے کی اس اجلاس کے مہمان خصوصی مولانا صادق خان جامعی مدنی اور مولانا عبد الجواد عمری رہے۔ مدرسہ کی طالبات نے بہترین علمی مظاہرہ کیا اور طالبات کے مابین انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس کے بعد مہمان خصوصی مولانا صادق خان جامعی مدنی نے علم دین کی اہمیت پر خطاب کیا اور ایک مہمان خصوصی مولانا عبد الجواد عمری نے لڑکیوں میں دینی تعلیم نہ ہونے کے نقصانات پر خطاب کیا اور لڑکیوں کی دینی تعلیم پر ابھارا اسکے بعد مولانا عارف حسین جامعی نے صدارتی خطاب پیش کیا اور طالبات کی ہمت افزائی کی۔ اس اجلاس میں نظامت کے فرائض عبد التواب متعلم جامعہ دارالسلام عمرآباد نے ادا کیا۔ اس موقع پر تمام مساجد کے صدور جن میں جناب مقبول احمد،جناب منصور علی امیر مقامی جماعت اسلامی، حافظ محمد ارشد،جناب خورشید گدوال، اسٹیج پر موجود تھے۔اس اجلاس میں خواتین کیلئے پردہ کا معقول انتظام کیا گیا اور تمام شرکاء کیلئے طعام کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔