شاہی مسجد باغِ عامہ میں 14اگست سے خطباتِ سیرت کی سیریز کا آغاز
جدید مسائل اور عصر ِ حاضر کے چیلنجز پر سیرت النبیﷺ سے رہنمائی کا نایاب موقع
حیدرآباد، 12اگست (پریس نوٹ ) انجمن مصلیانِ شاہی مسجد، باغِ عامہ، نامپلی کی جانب سے شاہی مسجد باغِ عامہ، نامپلی میں14اگست 2026 بروز جمعہ سے روزانہ بعد نمازِ مغرب تا عشاء’’ خطباتِ سیرتِ فخر موجوداتؐ ‘‘کی 18ویں سیریز کا آغاز ہو رہا ہے۔مولانا ڈاکٹر حافظ احسن بن محمد الحمومی القادری (امام و خطیب شاہی مسجد باغِ عامہ) مختلف اہم عنوانات پر سیرتِ طیبہ کی روشنی میں خطابات پیش کریں گے۔ جدید مسائل اور عصرِ حاضر کے چیلنجز پر سیرت النبی ؐ سے رہنمائی کا یہ نایاب اور قیمتی موقع ہے۔ انجمن مصلیانِ شاہی مسجد کے مطابق سیرتِ طیبہؐ کے پیغام کو سمجھنا، اس پر عمل کرنا اور معاشرے میں امن، محبت اور بیداری پھیلانا ہی ربیع الاول کی حقیقی روح اور محبت ِ رسول ؐکا تقاضا ہے۔ ایسے مقدس موقع پر نوجوانوں اور عوام کو بے مقصد یا تخریبی سرگرمیوں سے دور رکھ کر مثبت اور تعمیری کاموں میں مشغول رکھنا ہماری مقصد ہے۔ خواتین کے لیے پردہ کا معقول انتظام رہے گا۔
دینی مدارس اور مساجد کے ذمہ داروں کا قانونی وعصری تقاضوں سے واقف ہوناضروری
تحفظ مدارس و مساجد بورڈ کا اجلاس،مولانا شاہ جمال الرحمن ،مولانا جعفر پاشاہ’ مولانا غیاث رحمانی، مولانا عبدالقوی اور دیگر اکابر علماء کی شرکت
حیدراباد 12 اگست (پریس نوٹ) تحفظ مدارس و مساجد بورڈ کا اہم اجلاس چہار شنبہ 11 اگست 2026 کو مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ کی صدارت میں حسامیہ منزل پنجہ شاہ میں منعقد ہوا جس میں ممتاز اکابر علماء کرام دیگر علماء دین اور دینی مدارس کے ذمہ داران نے شرکت کی اور ارکان عاملہ کا بھی انتخاب عمل میں آیا ۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں مولانا محمد شاہ جمال الرحمن مفتاحی، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی ‘مولانا محمد عبدالقوی’ مولانا امیر اللہ خان قاسمی ‘مولانا احمد عبید الرحمن اطہر ،مولانا خلیق احمد صابر’ مولانا مفتی سید معرا ج الدین علی ابرار’ جناب محمد عمر احمد شفیق ‘مولانا سیدمصباح الدین’ مولانا اشرف علی ‘مولانا سید سمیع اللہ قاسمی نظام آباد ‘مولانا محمد عبدالمغنی حامد’ جناب محمد عبدالمقتدر عمران’ جناب سید عتیق زید’ جناب عبدالمنان اشرفی ‘حافظ محمد صدیق احمد قادری’ مولانا عبداللہ قاسمی ‘مولانا شیخ یونس الدین ہاشمی اور دیگر معززین نے شرکت کی ۔ اجلاس کا آغاز مولانا مفتی اشرف علی کی قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ مولانا احمد محی الدین حسامی نے نعت شریف سنائی ۔ جنرل سیکرٹری بورڈ مولانا مفتی معراج الدین علی ابرار نے اجلاس کی کاروائی چلائی ۔ یہ اجلاس میں بعض دیگر امور کے علاوہ طے کیا گیا کہ ریاستی سطح پر ایک کنونشن منعقد کیا جائے جس میں تمام اضلاع کے ذمہ داروں کو مدعو کرتے ہوئے تحفظ مدارس و مساجد بورڈ کے اغراض و مقاصد سے واقف کروایا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ریاست کے تمام مدارس کو اس بورڈ کا رکن بنا کر ایک مضبوط بورڈ کی شکل میں مدارس کے پیش آمدہ مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اکثر مقامات پر یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ جن مدارس و مساجد کے پاس تعمیری یا دیگر سرکاری اجازت نامے نہیں ہیں اور کسی نہ کسی کاغذ کو بنیاد بنا کر مدارس کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے ‘ تحفظ مدارس و مساجد بورڈ کی یہ کوشش ہے کہ اس بورڈ سے مساجد و مدارس اور خانقاہوں کو بھی جوڑا جائے اور اس بورڈ میں ذمہ داران مساجد و مدارس کے ساتھ کچھ وکلا اور ذی اثرلوگوں کو بھی شامل کیا جائے جو سرکاری قوانین سے واقف ہوں تاکہ ہمارے کاغذات کی درستگی ہو جائے اس سلسلے میں حکومت سے بھی نمائندگی کرتے ہوئے حکومت سے کہا جائے گا کہ ان چیارٹیبل اداروں کو ریگولرائز کریں ۔ واضح رہے کہ بورڈکے سرپرستوں اور بورڈ کے نائب صدور و سکریٹریزمیں مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی’ مولانا احسان الدین قاسمی ‘مولانا غیاث الدین رحمانی قاسمی ، مولانا عبدالقوی ،مولانا عبداللہ با نعیم’ مولانا غیاث احمد رشادی اور دیگر معزز علماء کرام شامل ہیں ۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دینی مدارس کے لیے کام کرنے والوں میں اگرچہ کہ شعور بیدار ہے لیکن موجودہ وقت اور حالات کے لحاظ سے قوانین اور تقاضوں سے ہمیں مزید واقفیت حاصل کرنا بے حد ضروری ہو گیا ہے اس سلسلے میں سنجیدہ اور صاحب بے فکر اصحاب سے مشاورتوں کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔