مراکش نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر آخری 16 ٹیموں میں جگہ بنا لی

   

مونٹیری، 30 جون (آئی اے این ایس) مراکش نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں نیدرلینڈزکو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-2 گولس سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ مونٹیری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں مقررہ وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 1۔1 سے برابر تھیں، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ میچ کا پہلا گول نیدرلینڈز کے کوڈی گاکپو نے 72ویں منٹ میں کیا۔ کریسنسیو سمر ویل کی شاندار دوڑ اور عمدہ پاس پر گاکپو نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اس گول کے ساتھ گاکپو ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کے لیے چھ گول کرنے والے مشترکہ طور پر دوسرے کامیاب ترین گول اسکورر بن گئے۔ اس فہرست میں ان سے آگے صرف جانی ریپ ہیں، جنہوں نے 1974 اور 1978 کے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سات گول کیے تھے۔ تاہم مراکش نے ہمت نہیں ہاری اور اضافی وقت کے آغاز میں 91 ویں منٹ پر دفاعی کھلاڑی عیسیٰ دیوپ نے متبادل کھلاڑی شمس الدین طالبی کے کراس پر شاندار ہیڈرکے ذریعے گول کرکے مقابلہ برابرکردیا۔ اضافی وقت کے اختتام تک بھی کوئی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کر سکی، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے کیا گیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں دونوں ٹیموں نے اپنی ابتدائی چارکوششوں کے دوران دو، دو پنالٹیاں ضائع کیں، جس کے باعث مقابلہ سڈن ڈیتھ مرحلے میں داخل ہوگیا۔اس موقع پر مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے کریسنسیو سمر ویل کی پنالٹی شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ اسماعیل صیباری نے فیصلہ کن پنالٹی کامیابی سے گول میں تبدیل کر کے مراکش کی فتح یقینی بنا دی۔ یاسین بونو شوٹ آؤٹ کے ہیرو ثابت ہوئے، جن کی شاندار گول کیپنگ نے مراکش کو راؤنڈ آف 16 میں پہنچا دیا، جہاں اب اس کا مقابلہ 5 جولائی کو ہیوسٹن میں مشترکہ میزبان کینیڈا سے ہوگا۔