عبداللہ پور میٹ میںہزاروں مرغیوں کے فوت ہوجانے کے بعد اقدام ۔ رپورٹ کیلئے ایک ہفتہ درکار
حیدرآباد۔6۔اپریل (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ عبداللہ پور میٹ میں مرغیوں کی ہلاکت کے بعد محکمہ افزائش مویشیاں کی جانب سے کی گئی کاروائی کے دوران 10 ہزار پرندوں کو تلف کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ اب ماہرین کی جانب سے مردہ مرغیوں اور تلف کی گئی مرغیوں کے نمونوں کو حاصل کرکے بھوپال نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہائی سیکوریٹی ڈیسیزکو روانہ کیا گیا تاکہ مرغیوں میں بیماریوں کے متعلق تفصیلات کا پتہ چل سکے ۔ابتدائی طور پر مرغیوں کی اموات اور ان کی شرح کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا رہا تھا کہ برڈ فلو سے مرغیاں فوت ہورہی ہیںاور ماہرین کی جانب سے نمونوں کی جانچ کے بعد توثیق کی جاچکی ہے کہ رنگاریڈی کے بعض علاقوں میں برڈ فلو وائرس سے مرغیوں کی اموات پیش آرہی ہیں اور ان اموات کی روک تھام کیلئے محکمہ جاتی اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن مسلسل مرغیوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے۔گذشتہ ہفتہ عبداللہ پور میٹ پولٹری فارم میں 3000 سے زائد مرغیوں کے فوت ہونے کی اطلاع کے ساتھ ہی محکمہ کے ڈاکٹرس اور ماہرین نے مرغیوں کے نمونے حاصل کرکے جانچ کی تھی اور اطراف میں موجود پولٹری فارمس میں موجود 10 ہزار سے زائد پرندوں کو تلف کرنے کا فیصلہ کرکے گذشتہ 3یوم قبل یہ کاروائی کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق ضلعی عہدیداروں نے عبداللہ پور میٹ منڈل میں مرغی اور انڈوں کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرکے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ انڈوں اور مرغی کے استعمال کو چند یوم کیلئے ترک کریں تاکہ جانچ کے بعد اسے محفوظ قرار دیا جاسکے۔ بھوپال روانہ نمونوں کی جانچ کی رپورٹ آنے ایک ہفتہ درکار ہوگا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ افزائش مویشیاں سے پولٹری فارمس میں موجود پرندوں کی جانچ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جہاں کہیں برڈ فلو سے متاثرہ پرندے پائے جائیں انہیں فوری طور پر حاصل کرتے ہوئے تلف کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔3