مرکز سے آئی جی ایس ٹی کے بقایا جات کی اجرائی کا مطالبہ

,

   

ڈپٹی چیف منسٹر بہار کی طلب کردہ ویڈیو کانفرنس میں ہریش راؤ کی نمائندگی

حیدرآباد : تلنگانہ حکومت نے 5 اکٹوبر کو گڈس اینڈ سرویس ٹیکس کونسل کے اجلاس سے قبل انٹی گریٹیڈ گڈس اینڈ سرویس ٹیکس (آئی جی ایس ٹی) کے بقایا جات 2,641 کروڑ روپئے فوری جاری کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ تلنگانہ کے وزیر فیانس ٹی ہریش راؤ نے آئی جی ایس ٹی سیٹلمنٹ پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی کی طلب کردہ کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے مرکز پر زور دیا کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے رقم کی اشد ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز کی جانب سے بقایا جات کی اجرائی سے ریاستوں کو بڑی راحت ملے گی جو کورونا وائرس وباء کے باعث سخت مالی مسائل کا شکار ہیں۔ ہریش راؤ نے کہاکہ کونسل اجلاس سے قبل سفارشات کی منظوری کا حصول اہم ہوگا بصورت دیگر آئی جی ایس ٹی فنڈس کی مرکز سے اجرائی کے لئے مزید 3 ماہ کے لئے انتظار کرنا ہوگا۔ ہریش راؤ کی تجویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سشیل کمار مودی نے تیقن دیا کہ کونسل کے اجلاس سے قبل یکم اکٹوبر کو گروپ کا دوبارہ اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ تلنگانہ اور دیگر 16 ریاستوں 25,058 کروڑ کے قریب آئی جی ایس ٹی ادائیگیاں وصول طلب ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ جی ایس ٹی کونسل نے حساب کیا ہے کہ تلنگانہ کو 2,638 کروڑ آئی جی ایس ٹی ادائیگیاں وصول طلب ہیں۔ 3کروڑ کے کم ہونے سے متعلق عہدیدار دہلی سے مشاورت کریں گے۔