حیدرآباد۔/25ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ہمیشہ موافق ملازمین پالیسی پر گامزن رہی اور تلنگانہ کے سرکاری ملازمین ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلے زیادہ تنخواہیں حاصل کررہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین کی 75 سالہ تقاریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کے ساتھ جانبدارانہ سلوک کے سبب ریاست کی معاشی صورتحال کمزور ہوئی ہے باوجود اس کے چیف منسٹر کے سی آر سرکاری ملازمین کی بھلائی پر اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ٹیچرس کے تمام مسائل کی یکسوئی کردی ہے اور مزید مسائل کے حل کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرس کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کیلئے مرکزی حکومت کا جانبدارانہ رویہ ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکز کے رویہ سے تنخواہ کی ادائیگی میں تاخیر ہورہی ہے اور پہلے ہفتہ میں تنخواہ کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ گذشتہ آٹھ برسوں میں کے سی آر حکومت نے خشک سالی سے متاثرہ ریاست کو سرسبز و شاداب ریاست میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں ریاست کو اناپورنا کہا جاتا تھا اور اب تلنگانہ سرسبز وشاداب ریاست بن چکی ہے۔ پڑوسی ریاستیں کرناٹک و ٹاملناڈو کی جانب سے تلنگانہ چاول کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے مرکزی حکومت کے امتیازی سلوک کے خلاف جدوجہد کیلئے عوام سے تیار رہنے کی اپیل کی۔ر