مرکز یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کیلئے کالج کا انتظام کرے : اسٹالن

   

چنئی۔ تاملناڈو کے وزیر اعلی ایم کے ۔ اسٹالن نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ جنگ زدہ یوکرین سے تعلیم چھوڑ کر وطن واپس آنے والے میڈیکل طلباء کے معاملے میں مرکزی حکومت کو فوری مداخلت کرنی چاہیے اور ہندوستان یا بیرون ملک تعلیم کے لیے کالجوں کی نشاندہی کرنی چاہیے ۔ وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں مسٹر اسٹالن نے ہفتے کو کہا کہ یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کا ایک سال پہلے ہی ضائع ہو چکا ہے ، اس لیے مرکز کو فوری مداخلت کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے لکھاکہ میں آپ کی توجہ میڈیکل طلباء کی حالت زار کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ یوکرین میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء ہندوستان کے پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں داخلہ کے خواہاں ہیں لیکن مرکزی حکومت نے نیشنل میڈیکل کمیشن ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ان طلباء کو ہندوستان کے میڈیکل کالجوں میں جگہ نہیں دی جا سکتی۔ اسٹالن نے کہا کہ لوک سبھا کی کمیٹی برائے امور خارجہ نے سفارش کی تھی کہ یوکرین سے واپس آنے والے طلبہ کو ہندوستان کے میڈیکل کالجوں میں جگہ دی جائے اس سے طلبہ میں امید پیدا ہوئی لیکن مرکزی حکومت کے مخالف موقف نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔