عادل آباد میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح ۔ وزیر اعظم مودی کا خطاب ۔ وزیر اعظم کا مطلب بڑا بھائی ۔ ترقی کیلئے مدد کی خواہش۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز)تلنگانہ پر موجود 6لاکھ 72 ہزار کروڑ کے قرض سے نجات پانے اور ترقی کیلئے مدد حاصل کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بڑا بھائی کہا ! چیف منسٹر نے عادل آباد میں وزیر اعظم مودی کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے افتتاح کی تقریب میںاپنے خطاب میں مودی کو بڑے بھائی کہتے ہوئے مخاطب کیا اور کہا کہ وزیر اعظم کا مطلب ہمارے بڑے بھائی ہے اور ملک کی ریاستوں کی ترقی کیلئے وزیر اعظم کی مدد رہنے پر ہی ان کی ترقی ممکن ہوسکتی ہے۔چیف منسٹر نے وزیر اعظم مودی کے پروگرام میں شرکت کرکے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم مودی نے عادل آباد میں 56 ہزار کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جن میں 800 میگا واٹ برقی پیداوار کے این ٹی پی سی کے پلانٹ کا افتتاح ‘ امباری ۔ عادل آباد ۔ پمپل کرتی ریل لائن ‘2 قومی شاہراہوں کی ترقی تلنگانہ کو مہاراشٹرا کے علاوہ تلنگانہ سے چھتیس گڑھ کوبراہ عادل آباد مربوط کرنے اقدامات کا آغاز کیا۔ نریندر مودی نے ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ مرکزی حکومت تمام ریاستوں میں ترقی کو یقینی بنانے اقدامات کر رہی ہے اور تمام ریاستوں کے ساتھ باہمی روابط رکھتے ہوئے ملک کی مجموعی ترقی کی منصوبہ بندی کرکے اس پر عمل کو یقینی بنا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد ہندستان کی تاریخ میں تلنگانہ سے جو ناانصافی ہوئی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی لیکن 10 برسوں میں مرکزی حکومت سے تلنگانہ کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ۔ انہو ںنے اعتراف کیا کہ تلنگانہ کو کئی برسوں سے نظرانداز کیا جاتا رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ ان کی حکومت سے کروڑہا روپئے کے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ہیں۔ مودی نے کہا کہ ہندستان دنیا بھر میں اپنی معاشی ترقی کے نتیجہ میں منفرد شناخت بنا رہا ہے ۔ انہو ںنے گذشتہ سہ ماہی میں ملک کی 8.4 فیصد ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کی اس رفتار پر ہندوستان جلد دنیا کی تیسری بڑی معاشی قوت بن کرابھر سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے قبائیلی علاقوں کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکز ی حکومت نے قبائیلی خاتون کو صدرجمہوریہ کے عہدہ پر فائز کروایا ۔ وزیر اعظم کے پروگرام میں گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندراراجن ‘ وزیر انوسویا سیتا اکا‘ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے علاوہ دیگروزراء و ریاستی قائدین نے شرکت کی۔ مودی نے ملک کے تمام غریبوں کو ’مودی کا پریوار‘ قرار دیا اور کہا کہ ہندستان کا ہر غریب ان کے پریوار کا حصہ ہے۔ وزیر اعظم نے کل پٹنہ میں ہوئی ’انڈیا اتحاد‘کی ریالی میں اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر حملوں کا بالواسطہ جواب دیا اور کہا کہ کل جب اپوزیشن جماعتیں انتخابات کی بات کررہی تھی وہ ملک کی ترقی کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خطاب کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت مرکز اور گورنر کے وقاراور مقام سے واقف ہے اسی لئے ٹکراؤ کی پالیسی اختیار کئے بغیر مرکز کے تعاون کے ساتھ ریاست کی ہمہ جہت ترقی کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی سے 175 ایکڑ دفاعی اراضی ترقیاتی کاموں کیلئے حوالہ کرنے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت ان کے فیصلہ پر مشکور ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست کی ترقی مرکزی حکومت کے تعاون و اشتراک کے بغیر ممکن نہیں ہے اسی لئے وہ امید کرتے ہیں کہ مرکز آئندہ بھی تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے وہ بڑے بھائی وزیر اعظم سے توقع رکھتے ہیں اور بڑے بھائی (نریندر مودی) جو 5ٹریلین اکنامی کا منصوبہ تیار کر رہے ہیں وہ ملک کی تمام ریاستوں کے ساتھ تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے ریاست کیلئے ٹیکسٹائیل پارک کی منظوری پر اظہار تشکر کیا ۔ چیف منسٹر شہر حیدرآباد کی ترقی بالخصوص موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے پراجکٹ کے علاوہ میٹرو ریل کے توسیعی کاموں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت سے ان دو پراجکٹس کو خصوصی طور پر جلد مکمل کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے خواہش کی کہ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے علاوہ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے پراجکٹ میں اگر مرکز کا تعاون حاصل ہوتا ہے تو ان کاموں کو تیزی کے ساتھ مکمل کیا جاسکتا ہے۔3