مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے نقصانات کا جائزہ لیا

   

متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے، متاثرین سے ملاقات، مرکز کی جانب سے مناسب امداد کا تیقن
حیدرآباد ۔6۔ ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کی ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔ مرکزی وزیر نے آج دونوں تلگو ریاستوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دونوں ریاستوں کی حکومتوں سے نقصانات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ مرکزی وزیر کے دورہ کا آندھراپردیش سے آغاز ہوا جہاں مرکزی وزیر اچن نائیڈو ، ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش اور بی جے پی کے ریاستی صدر ڈی پرندیشوری کے ہمراہ شیوراج سنگھ چوہان نے کرشنا ضلع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فصلوں کے نقصانات پر کسانوں سے بات چیت کی۔ مرکزی وزیر نے فصلوں کو نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے کسانوں کو حکومت کی جانب سے امداد کا تیقن دیا ۔ مرکزی وزیر نے شخصی طورپر نقصانات کا جائزہ لینے کے علاوہ ہیلی کاپٹر سے وجئے واڑہ اور دیگر علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ مرکزی وزیر اچن نائیڈو اور آندھراپردیش کے وزراء اور عہدیداروں نے مرکزی وزیر زراعت کو نقصانات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ مرکزی وزیر نے فصلوں کے نقصانات میں متاثر ہونے والی فصلوں کی تفصیلات حاصل کی۔ مرکزی وزیر کو بتایا گیا کہ زیادہ تر کسان قول پر فصلوںکی کاشت کر رہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کسانوں کو امداد کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی کسان کے فرزند ہیں اور کسانوں کی مشکلات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ ہمت نہ ہاریں، حوصلہ رکھیں۔ وزیراعظم نریندر مودی اور چندرا بابو نائیڈو کی حکومتیں ہر ممکن مدد کریں گی۔ آندھراپردیش کے بعد شیوراج سنگھ چوہان نے کھمم ضلع کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب اور بارش کے نقصانات کا جائزہ لیا۔ مرکزی وزیر مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزیر مال پی سرینواس ریڈی اور وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ دورہ میں مرکزی وزیر کے ساتھ شریک تھے۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کھمم کے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ کے 11 اضلاع میں بارش کے نقصانات سے متعلق تصویری نمائش کا مشاہدہ کیا۔ شیوراج سنگھ چوہان کے ہمراہ مرکزی عہدیداروں کی ٹیم موجود تھی۔ ریاستی وزراء نے کھڑی فصلوں کو نقصانات اور جائیدادوں کی تباہی کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ مرکزی وزارت زراعت کے عہدیدار دورہ میں شریک تھے۔ شیوراج سنگھ چوہان سے تلنگانہ حکومت نے مرکز کی جانب سے فراخدلانہ تعاون کی اپیل کی۔ فضائی سروے اور نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد شیوراج سنگھ چوہان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور تفصیلات حاصل کی۔ 1