آتشزدگی کا حادثہ سمجھے جانے والے واقعہ میں منظم سازش اور انتقامی جذبہ ، ملزم گرفتار
نلگنڈہ۔21جون(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ کے مِریال گوڑہ پولیس نے رواں ماہ 4/ جون کو پیش آنے والے سنسنی خیز ٹرپل مرڈر کیس کا معمہ حل کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی طور پر آتشزدگی کا حادثہ تصور کیے جانے والے اس واقعہ کے پس پردہ دراصل ایک منظم سازش اور انتقامی جذبہ کارفرما ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شرت چندر پوار کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے جدید تکنیکی وسائل سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر سائنسی شواہد کی مدد سے کیس کو سلجھاتے ہوئے ملزم کالاہستی شریش کمار (38) ساکن سنگرایہ کونڈہ ضلع پرکاشم (آندھرا پردیش) کو گرفتار کر لیا۔پولیس تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزم شادی بیاہ کی ویب سائٹس کے ذریعہ خواتین سے تعلقات قائم کرکے انہیں دھوکہ دینے کا عادی تھا۔ اسی دوران اس نے دھنا لکشمی نامی خاتون سے تعلق قائم کیا اور بعد ازاں شادی بھی کی۔ تاہم باہمی اختلافات کے باعث دونوں میں علیحدگی ہوگئی جس کے بعد ملزم نے خاتون کے خلاف شدید انتقام لینے کی ٹھان لی۔پولیس کے مطابق ایک دوسرے مقدمہ میں جیل جانے کے دوران دھنا لکشمی کی جانب سے کسی قسم کی مدد نہ ملنے پر ملزم انتقام کی آگ میں جلنے لگا اور اس نے دھنا لکشمی اور اس کے اہل خانہ کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی۔تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے واردات سے قبل کئی روز تک متاثرہ خاندان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی۔ واقعہ کے دن اس نے ایک ایکٹیوا اسکوٹر چوری کیا راستے میں پٹرول خرید کر رات دیر گئے مِریال گوڑہ پہنچا اور متاثرہ خاندان کے مکان میں داخل ہو گیا۔ اس نے گھر میں موجود افراد پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی اور واردات کو حادثاتی آتشزدگی کا روپ دینے کی کوشش کی۔اس دلخراش واقعہ میں دھنا لکشمی کی والدہ ونم چندرماں 48 بیٹا لکشمن 17 اور بیٹی پرانتی (15) زندہ جل کر جاں بحق ہوگئے جبکہ دھن لکشمی اس وقت گھر میں موجود نہ ہونے کے باعث محفوظ رہی۔پولیس کو جائے وقوعہ کے عقب سے ایک پلاسٹک کی بالٹی ملی جس میں پٹرول کی باقیات موجود تھیں۔ یہی اہم سراغ تفتیش میں پیشرفت کا سبب بنا۔ بعد میں سی سی ٹی وی فوٹیج سڑک اور راستہ کی جانچ اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزم تک رسائی حاصل کی گئی۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ اسکوٹر پٹرول کیان پلاسٹک بالٹی جزوی طور پر جلی ہوئی شرٹ ہیلمٹ موبائل فون اور دیگر اہم شواہد برآمد کر لیے ہیں۔