ڈاکٹروں نے اسے دنیا کا سب سے بڑا گردہ قرار دیا
نئی دہلی 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) یہاں پیش آئے ایک حیرت انگیز واقعہ میں ڈاکٹروں نے ایک 56 سالہ شخص کے جسم سے 7.4 کیلو وزنی گردے کو جسم سے نکالنے کا دعویٰ کیا ہے جسے دعویٰ کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا گردہ قرار دیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر سچن کٹوریا یورالوجیکل کنسلٹنٹ سری گنگا رام ہاسپٹل نے آج بتایا کہ دو گھنٹہ طویل سرجری کے بعد 56 سالہ شخص کے جسم سے اِس قدر بڑے گردے کو نکالا گیا ہے جس نے اُس کے پیٹ کے ایک بڑے حصے کا احاطہ کرلیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ تقابلی طور پر اِس گردہ کا وزن 2 نوزائیدہ بچوں کے برابر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عام طور پر گردہ کا وزن 1.20 گرام سے 1.50 گرام ہوتا ہے۔ جبکہ مذکورہ گردہ کا حجم 32×21.8 سنٹی میٹر درج کیا گیا ہے۔ ہاسپٹل ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑے گردہ کی سرجری ہے۔ ڈاکٹر کٹھوریا نے کہاکہ سرجری سے قبل کی گئی اسکیاننگ میں اگرچہ گردہ کا سائز بڑا معلوم ہوا تھا لیکن اتنا بڑا ہوگا اِس کا اندازہ اُنھیں بھی نہیں تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس سے پہلے گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کا سب سے بڑا گردہ 4.25 کیلو کا ریکارڈ کیا گیا تھا جو 2017 ء میں ڈاکٹر نے ایک ایسے مریض کے جسم سے نکالا تھا جو گردے سے متعلق بیماری میں مبتلا تھا۔