مسلم دنیا سے حصول تائید آسان نہیں:محمود قریشی

   

اسلام آباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم وطن لوگوں سے کہا ہے کہ احمقوں کی جنت میں نہ رہیں اور انہوں نے اجاگر کیا کہ اسلام آباد کے لئے جموں و کشمیر کا خصوصی موقف ختم کرنے والے ہندوستان کے فیصلہ کے خلاف اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ساتھ ساتھ مسلم دنیا کی تائید حاصل کرنا آسان نہیں رہے گا ۔ گزشتہ روز پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظفر آباد میں میڈیا سے خطاب میں قریشی نے پاکستانیوں سے کہا کہ نئی جدوجہد شروع کرنا ہوگا تاکہ یو این ایس سی ارکان سے تائید حاصل کی جاسکے ۔ آپ مغالطہ میں نہ رہیں۔ یو این ایس سی میں کوئی بھی ہاتھوں میں ہار لئے آپ کے استقبال کے لئے ٹھہرا نہیں ہوگا۔ کسی کو بھی آپ کا انتظار نہیں۔ جموں و کشمیر کا خصوصی موقف ہندوستان کی جانب سے منسوخ کئے جانے کے بعد پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ وہ نئی دہلی کے فیصلہ کے خلاف یو این سیکوریٹی کونسل سے رجوع ہوگا ۔