کولکاتا، 15 اپریل (یواین آئی) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 15 اضلاع کے 152 انتخابی حلقوں میں مرکزی فورسز کی 2,407 کمپنیوں کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے، جہاں 23 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔ ہر کمپنی میں تقریباً 100 اہلکار شامل ہوتے ہیں۔ ریاست کے حساس علاقوں میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے کمیشن کی جانب سے یقین دہانی کے بعد یہ وسیع پیمانے پر تعیناتی کی گئی ہے ۔ پہلا مرحلہ ایک وسیع جغرافیائی علاقہ پر محیط ہے ، بشمول شمالی بنگال کے تمام اضلاع: دارجلنگ، کالمپونگ، جلپائی گوڑی، علی پور دوار، کوچ بہار، شمالی دیناج پور، جنوبی دیناج پور، اور مالدہ۔ جھارگرام، پرولیا اور بنکورہ سمیت جنگل محل علاقے میں بھی ووٹنگ ہوگی۔ بیر بھوم اور مرشد آباد جیسے اہم اضلاع بھی اس مرحلے میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ مشرقی اور مغربی میدنی پور کے کچھ حصوں کے ساتھ ساتھ مغربی بردھمان میں بھی پہلے مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ تمام اضلاع میں سے مرشدآباد میں سب سے زیادہ مرکزی فورسز تعینات کی جائیں گی۔ ضلع کو دو پولیس علاقوں میں تقسیم کیا گیا ہے : مرشدآباد اور جنگی پور۔ مجموعی طور پر یہاں 316 کمپنیوں کی تعیناتی ہوگی، جن میں 240 مرشدآباد اور 76 جنگی پور میں ہوں گی۔ مشرقی میدنی پور میں 273 کمپنیوں کی تعیناتی کی گئی ہے ، جہاں نندی گرام ایک اہم اور ہائی پروفائل حلقہ ہے ۔ یہاں اپوزیشن لیڈرسویندر ادھیکاری، بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کے طور پر پبیترا کار کے خلاف میدان میں ہیں، جو حال ہی میں بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔مغربی میدنی پور میں 271، بنکورا میں 193، بیربھوم میں 176 اور مالدہ میں 172 کمپنیوں کی تعیناتی ہوگی۔
، جبکہ پورولیا میں 151 کمپنیوں کو تعینات کیا جائے گا۔ شمالی بنگال میں کوچ بہار میں 146 اور جلپائی گوڑی میں 92 کمپنیاں تعینات ہوں گی۔ جنوبی دیناجپور میں 83، علی پور دوار میں 77، جھاڑگرام میں 74، دارجلنگ میں 61 اور کالیمپونگ میں 21 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔
مزید برآں، شمالی دیناجپور کو اسلام پور اور رائے گنج پولیس اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے ، جہاں بالترتیب 61 اور 71 کمپنیاں تعینات ہوں گی، اس طرح ضلع میں کل 132 کمپنیاں ہوں گی۔
اس کے علاوہ سلی گوڑی پولیس کمشنریٹ میں 44 اور آسنسول-درگاپور کمشنریٹ میں 125 کمپنیوں کی تعیناتی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ 23 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ سے قبل 20 اپریل تک تمام سکیورٹی فورسز کی تعیناتی مکمل کر لی جائے تاکہ علاقے میں مؤثر کنٹرول قائم ہو اور ووٹروں کا اعتماد بڑھایا جا سکے ۔