مغربی بنگال میں 4660 معاون پولنگ اسٹیشن بنانے کی الیکشن کمیشن کی ہدایت

   

نئی دہلی۔ 4 اپریل (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں ووٹروں کی سہولت کے لیے 4660 معاون پولنگ اسٹیشن بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ معاون پولنگ اسٹیشن ان علاقوں میں بنائے جائیں گے جہاں ووٹروں کی تعداد فی پولنگ اسٹیشن 1200 سے زیادہ ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں 321 پولنگ اسٹیشنوں کو ووٹروں کی سہولت کیلئے ان کے پہلے سے طے شدہ مقامات سے دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا۔ کمیشن کی جانب سے ہفتہ کو دی گئی اطلاع کے مطابق معاون پولنگ اسٹیشنوں کے قیام کے ساتھ ہی ریاست میں اس بار کل پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 85379 ہو جائے گی۔ ریاست کے چیف الیکشن آفیسر نے اس سلسلے میں انتظامیہ کو ضروری ہدایات دے دی ہیں۔ ریاست کے چیف الیکشن آفیسر نے ہدایت دی ہے کہ معاون پولنگ اسٹیشنوں کے قیام اور منتقل شدہ پولنگ اسٹیشنوں کے بارے میں متعلقہ ووٹروں کو گھر گھر جا کر آگاہ کیا جانا چاہیے ۔ اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے گی۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال میں 294 نشستوں والی اسمبلی کے لیے پولنگ دو مرحلوں میں 23 اور 29 اپریل کو کرائی جائے گی۔ وہیں، ووٹوں کی گنتی چار مئی کو ہوگی۔