تل ابیب : شام میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز اور چیف آف سٹاف ہرزی ہیلیوی نے جمعہ کے روز ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر یسرائیل کاٹز نے فوج کو اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے اور پیش رفت کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فوج کسی بھی منظر نامے کیلئے اور اسرائیل کے سلامتی کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج اسرائیل کی خودمختاری یا سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی اور اپنی آبادی کے استحکام اور سلامتی کے تحفظ کیلئے پرعزم طریقے سے کام کرتی رہے گی۔واضح رہے اعلیٰ سطح کے اسرائیلی حکام نے جمعرات کے روز انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس حکام گزشتہ چند دنوں کے دوران توقع سے زیادہ تیزی سے شامی فوج کی دفاعی لائنوں کے گرنے سے حیران ہیں۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ’’ایکسیوس‘‘ کے مطابق انہوں نے اس بات پر بھی غور کیا ہے کہ مسلح گروپوں کی اس تیز رفتار پیش رفت سے شامی فوج کے خاتمے میں تیزی آئے گی۔ ایک سینئر اسرائیلی اہلکار کا خیال تھا کہ دمشق کے زوال کا امکان پہلے کی نسبت زیادہ نظر آنے لگا ہے۔