ملازمتوں کے ذریعہ نوجوانوں میںاعتماد پیدا کرنے کی کوشش

   

5192 تقررات کے احکام کی حوالگی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) حکومت ملازمتوں کے تقررناموں کی حوالگی کیلئے جو تقاریب منعقد کررہی ہے ان کا مقصد پروپگنڈہ نہیں بلکہ بے روزگار اور تعلیم یافتہ نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرنا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حکومت سے 5192 تقررات کے احکام کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کے دوران بتایا کہ 10 سال میں حکومت پر متزلزل ہوئے اعتماد کو بحال کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ممکنہ حد تک نوجوانوں کو ملازمتوں کی شفاف طریقہ سے فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت تمام 119 حلقہ جات اسمبلی میں مشترکہ ماڈل اقامتی اسکولوں کے قیام کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں کیلئے ماڈل کیمپس کی تعمیر کے اقدامات جاری ہیں اور کوڑنگل میں تجرباتی اساس پر آغاز ہوچکا ہے۔چیف منسٹر نے آج لعل بہادر اسٹیڈیم میں تقریب کے دوران 543 ڈگری کالج لکچررس‘ 1463 جونیئر کالج لکچررس‘2632 ٹی جی ٹی اساتذہ ‘ 479 کانسٹیبل‘ اور 75طبی عملہ کو احکام تقرر حوالہ کئے ۔ ریونت ریڈی نے کہا ریاستی حکومت کی پالیسی کے مطابق ریاست میں فی کیلو میٹر ایک پرائمری اسکول‘ دس کیلو میٹر میں ہائی اسکول‘ ہر منڈل میں ایک جونیئر کالج اور ہر حلقہ میں ڈگری کالج کے علاوہ ہر ریوینیو ڈویژن میں انجنیئرنگ کالج اور ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج قائم کرنا ہے۔ انہو ںنے 2004 تا دوران 4 مرتبہ ڈی ایس سی منعقد کیا تھا جبکہ سابقہ حکومت نے 10 سال میں ایک مرتبہ ڈی ایس سی امتحان منعقد کیا تھا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ وہ سرکاری اسکول کے تعلیم یافتہ ہیں اور انہوں نے سرکاری اسکول سے تعلیم حاصل کرنے کے باوجود کبھی ہار نہیں مانی بلکہ اپنی زبان تعلیم پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ بعض سیاستداں جو اعلیٰ معیاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد ان کی انگریزی کا مذاق اڑاتے ہیں لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ جاپان‘ چین ‘ جرمنی میں انگریزی کا چلن نہ ہونے کے باوجود ان ممالک میں مصنوعات کی ترقی اور صنعتی اداروں کا فروغ دنیا بھر میں مشہور ہے۔ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر‘ وزیر آئی ٹی ‘ وزیر جنگلات کونڈاسریکھا‘ رکن اسمبلی مسٹر مال ریڈی رنگاریڈی رکن اسمبلی و دیگر موجود تھے۔3