ڈرگ کنٹرول اور فوڈ سیفٹی محکمہ جات مشترکہ طور پر کام کریں، عوام کی صحت کا تحفظ کرنے چیف سکریٹری سنجے جاجو کی ہدایت
حیدرآباد۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست بھر میں فوڈ سیفٹی قواعد پر سختی سے عمل کرتے ہوئے عوام کی صحت کا تحفظ کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ غذائی اشیاء کی جانچ کے لئے اچانک معائنے اور دھاوے جاری رکھنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ سنجے جاجو نے فوڈ سیفٹی اقدامات پر سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ کنٹرول اور فوڈ سیفٹی محکمہ جات کو باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرتے ہوئے وقفہ وقفہ سے دھاوے کرنے چاہئے تاکہ ریاست بھر میں عوام کو ملاوٹی اور غیر معیاری غذاؤں سے محفوظ رکھا جائے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کے لئے محفوظ اور معیاری غذائی اشیاء کی دستیابی محکمہ جات کی ذمہ داری ہے۔ چیف سکریٹری نے دونوں محکمہ جات کو باہمی اشتراک اور موثر کارکردگی کے لئے ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لئے اندرون ایک ہفتہ تجاویز پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں محکمہ جات کے یکجا ہونے کی صورت میں موثر انداز میں کارروائی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دیگر ریاستوں میں فوڈ سیفٹی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ میں عمل آوری منصوبہ کو قطعیت دی جائے۔ اجلاس میں ریاست میں تاحال درج کردہ مقدمات اور ان کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر کے رام کرشنا راؤ، ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند، چیف منسٹر آفس کے پرنسپل سکریٹریز این سریدھر، شیشادری، پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی احمد ندیم، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل انٹلی جنس وجئے کمار، پرنسپل سکریٹری ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کرسٹینا چنگٹو، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، ہیلت کمشنر سنگیتا، ڈرگ کنٹرول جنرل اویناش موہنتی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1؍F