ملک میں ٹیکسٹائلز انڈسٹری کی ترقی کپاس کی پیداوار میں اضافہ کا نتیجہ

   

مہاراشٹرا اور گجرات سرفہرست، تلنگانہ میں ہر سال 9.84 لاکھ ٹن کپاس کی پیداوار
حیدرآباد ۔3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ہندوستان میں ٹیکسٹائلز انڈسٹری کیلئے کپاس کو ریڑھ کی ہڈی تصور کیا جاتا ہے اور کئی ریاستوں میں کپاس کی پیداوار میں اضافہ کے ذریعہ نہ صرف صنعت کو فروغ حاصل ہوا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ ہندوستان میں کپاس کی پیداوار میں مہاراشٹرا اور گجرات کو سبقت حاصل ہے اور یہ دونوں ریاستیں ملک میں کپاس کی مجموعی پیداوار کا نصف حصہ فراہم کر رہے ہیں۔ ملک میں کپاس کی پیداوار کے لئے 10 ریاستوں کی نشاندہی کی گئی اور ان میں سالانہ پیداوار کا جائزہ لیں تو تلنگانہ اور آندھراپردیش کی حصہ داری بھی شامل ہے۔ تلنگانہ نے مختلف زرعی پیداواروں کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ کپاس کے شعبہ میں بہتر پیداوار پر ملک میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ حالیہ برسوں میں قومی اور ریاستوںکی سطح پر ٹیکسٹائلز کی صنعت کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ مقامی سطح پر روزگارکے مواقع میں اضافہ کیا گیا۔ ہندوستان ٹیکسٹائلز انڈسٹری کو دنیا بھرمیں نمایاں مقام حاصل ہے اور کئی ممالک کو ہندوستانی برآمدات کا انتظار ہوتا ہے۔ مہاراشٹرا میں ہر سال 12.53 لاکھ ٹن کپاس کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جبکہ گجرات میں 12.17 لاکھ ٹن کپاس کی پیداوار ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں ہر سال 9.84 لاکھ ٹن کپاس کی پیداوار ہوتی ہے۔ کرناٹک 3.86 اور راجستھان 3.04 لاکھ ٹن کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہے۔ آندھراپردیش میں کپاس کی پیداوار سالانہ 1.92 لاکھ ٹن درج کی گئی۔1/k/m/b