پروفیسر کودنڈا رام کا دورہ، کلکٹر سے نمائندگی کا تیقن
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے ملک پیٹ کے علاقہ میں غریبوں کو بیدخل کرنے کیلئے انجام دی گئی انہدامی کارروائی کی مذمت کی۔ کودنڈا رام نے افضل نگر کمیونٹی ہال کا دورہ کیا جہاں سلم علاقہ کے مکینوں کو رکھا گیا ہے۔ حکومت نے جھونپڑیوں کو منہدم کرتے ہوئے متبادل انتظام کئے بغیر ہی بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔ غریبوں سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ حکومت دولتمند افراد کو فائدہ پہنچانے کیلئے جی او 111 منسوخ کرچکی ہے حالانکہ ہائی کورٹ نے جی او کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے حکومت کے پاس کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ 150غریب خاندانوں کو کسی نوٹس کے بغیر انہدامی کارروائی کے ذریعہ بیدخل کردیا گیا جن میں کئی چھوٹے کاروباری ہیں۔ انہوں نے دوردراز علاقوں کے بجائے قریب میں جگہ کی فراہمی اور مکانات تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کئی سلم بستیوں کو ختم کرتے ہوئے حکومت سے قربت رکھنے والوں کو اراضی حوالے کی گئی۔ تلنگانہ جن سمیتی غریبوں کو مکانات کی فراہمی کیلئے ضلع کلکٹر سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹر کو متبادل مقامات کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندان کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پہلے ہی مسائل کا شکار ہوچکے ہیں۔ر