ملک کی حالت بہتر بنانے نوجوان 100 دن ملک کیلئے دیں

   

مودی حکومت کا دور ختم ہوگا ۔ انڈیا اتحاد کا اقتدار یقینی ۔ ناگپور میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔28۔ڈسمبر(سیاست نیوز)نریندرمودی نامی میڈیسین کی Expiry ہوچکی ہے اور اب 2024 میں انڈیا اتحاد ملک میں اقتدار حاصل کرنے جا رہا ہے۔ ملک میں نفرت کے ماحول کو ختم کرنے اور بے روزگاری کا خاتمہ کرنے نوجوانوں کو 100 دن ملک کیلئے دینے ہونگے۔ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے ناگپور میں کانگریس کے 138ویں یوم تاسیس کی تقریب ’ہیں تیار ہم‘ سے خطاب میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں نفرت کے بازار کو گرم کرنے والوں کو اب وداع کرنے کا وقت آچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منی پور سے ممبئی تک ’ بھارت نیائے یاترا‘ میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے نوجوانوں کو سیاسی نظریات اور سیکولر اقدار کے تحفظ کیلئے آگے آنا ہوگا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ بھارت جوڑو یاترا جو کہ راہول گاندھی کی قیادت میں نکالی گئی تھی اس کے نتیجہ میں کانگریس کو کرناٹک اور تلنگانہ میں اقتدار حاصل ہوا اور اب مشرق سے مغرب تک ’بھارت نیائے یاترا‘ سے ملک بھر میں کانگریس اور سیکولر کردار کی حامل اتحادی جماعتوں کو اقتدار حاصل ہوگا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک سے فرقہ پرستی اور بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کیا جائے ۔ انہو ںنے ناگپور میں جلسہ سے خطاب میں کہا کہ ہندستان کو بے روزگاری ‘ بدعنوانیوں‘ خوف کی سیاست اور نفرت کے ماحول کا سامنا ہے اور اس کا مقابلہ صرف کانگریس سے ممکن ہے۔ انہوں نے کانگریس کو اقتدار میں لانے سماج کے ہر طبقہ کو جدوجہد میں شامل ہونے کی دعوت دی اور کہا کہ ملک کیلئے 100 دن دینے کا عہد کرکے ہر نوجوان کو جو ملک کے تابناک مستقبل کا خواب دیکھ رہا ہے آگے آنا چاہئے تاکہ فسطائی طاقتوں سے مقابلہ کرنے والے راہول گاندھی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل کر بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام اب بدظن ہوچکے ہیں اور جھوٹے وعدوں اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن مرکز میں برسراقتدار بی جے پی عوام میں نفرت پھیلا کر اپنے اقتدار کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ اب ہندستان میں سماجی انصاف‘ فرقہ وارانہ ہم آہنگی ‘ بے روزگاری کے خاتمہ کی جدوجہد میں عوام شامل ہونے لگے ہیں ۔3