ملک کی سیاست اب مسائل کے برعکس پولرائزیشن پر منحصر :ڈاکٹر ایوب

   

پرتاپ گڑھ: ملک کی 5 ریاستوں میں ہوئے انتخاب کے نتائج جہاں مبینہ سیکولر پارٹیوں کے سیاسی مساوات کے برعکس آئے ہیں ،اور بی جے پی نے 4 ریاستوں میں واپسی کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ عوام مسائل پر نہیں بلکہ فسطائی پولرائزیشن پر ووٹ کرتی ہے ،وہیں عوام نے غریبی ، بے روزگاری ،کسان استحصال وغیرہ جیسے سلگتے مسائل کو نظر انداز کرکے بی جے پی کو جو منڈینٹ دیا ہے ،اس سے اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملک کی سیاسی مسائل کے بر عکس فسطائی پولرائزیشن پر منحصر ہو کر رہ گئی ہے ۔جبکہ مسلمانوں نے پہلے کی طرح اپنی قیادت کو نظر انداز کر جو منڈنٹ دیا ہے ،وہ ان کے سیاسی مستقبل کے لئے بہتر نہیں ہے ۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے میڈیا کو جاری بیان میں ان تاثرات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ ملک میں بڑھ رہی منہگائی ، بے روزگاری و کسان استحصال وغیرہ ایسے مسائل ہیں ،جو عام شخص سے منسلک معاملہ ہے ،جس سے سبھی پریشان ہیں ۔آوارہ مویشیوں نے زمین کو بنجر بنا دیا ہے ،جو بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،پر عوام نے ان سبھی مسائل پر توجہ نہ دے کر بی جے پی کی فسطائیت کو ترجیح دے کر جو منڈنٹ دیا ہے ،یہ جمہوریت کے لئے بہت خطرناک ہے۔