ملک کی سیاست میں فاشسٹ طاقتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں: راہول گاندھی

,

   

حیدرآباد میں بھارت سمٹ سے قائد اپوزیشن کا خطاب، انتخابی شفافیت اور اڈانی گروپ کی غیر معمولی ترقی پر سوالات
حیدرآباد، 14 نومبر (سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائدِ اپوزیشن اور کانگریس کے سینئر قائد راہول گاندھی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ملک کی سیاست میں فاشسٹ طاقتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور گزشتہ 10 برسوں سے فاشسٹوں کی آواز بلند ہونے کے باعث ملک کا دستوری و جمہوری نظام تباہ ہو رہا ہے۔ حیدرآباد میں منعقدہ عالمی سطح کے ‘بھارت سمٹ’ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ 2014 کے عام انتخابات بے مثال تھے جن میں بے تحاشہ دولت اور کروڑوں روپے خرچ کر کے ہندوستانی جمہوری ڈھانچے کو نقصان پہنچایا گیا، جبکہ 2024 کے عام انتخابات میں بھی سنگین بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ انہوں نے مہاراشٹر کی حالیہ انتخابی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن اتحاد نے شاندار مظاہرہ کرکے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں لیکن محض چند ماہ بعد منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں غیر معمولی طور پر 70 لاکھ سے زائد نئے ووٹوں کے اضافہ نے انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین اور اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں، اور افسوسناک امر یہ ہے کہ نظام کی تباہی کے باوجود آواز اٹھانے اور تنقید کرنے کی آزادی سلب کی جا رہی ہے۔راہول گاندھی نے مرکزی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور سرمایہ دارانہ نوازشوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد اور بنگلورو جیسے شہروں میں آئی ٹی شعبہ نے اپنی محنت اور صلاحیت سے شاندار ترقی کی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ 12 سال قبل دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 600 ویں نمبر پر رہنے والے گوتم اڈانی آج کس طرح عروج پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد اڈانی کے کاروبار میں غیر معمولی وسعت آئی اور وہ امیر ترین افراد کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے، جبکہ ملک کی اہم بندرگاہیں، ایرپورٹس اور بنیادی ڈھانچے سمیت ہر کلیدی شعبہ ان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری سرپرستی سے فائدہ اٹھانے والے یہی چند مخصوص تاجر آج پورے نظام کو اپنے اشاروں پر چلا رہے ہیں جو ملک کے مستقبل کیللے خطرناک ہے ۔ اس اہم اجلاس میں تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ ریاستی وزراء کے ساتھ ملکی و غیر ملکی مندوبین نے بھی شرکت کی۔ 2