لندن ۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد ان کے پوتے شہزادہ ہیری کے بیٹے اور ملکہ کے پڑپوتے ’ آرچی ماؤنٹ بیٹن ونڈسر‘ کو شاہی قوانین کے مطابق شہزادہ اور پڑپوتی للی بیٹ ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کو شہزادی کا لقب مل گیا جو ملکہ الزبتھ دوم کی زندگی میں نہیں مل سکا تھا۔ بادشاہ چارلس کو بادشاہت ملتے ہی شاہی قوانین کے تحت شہزادہ ہیری کے دونوں بچوں کو شہزادے اور شہزادی کا لقب مل گیا ہے۔ تاہم گزشتہ روز بادشاہ چارلس نے دوران خطاب ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس ہیری اور میگھن مارکل کے شاہی عہدوں میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ 2019 میں ایک انٹرویو کے دوران میگھن مارکل نے انکشاف کیا تھا کہ شاہی محل نے ان کے بیٹے ’آرچی‘ کو شہزادے کا لقب دینے سے انکار کردیا۔ بعدازاں شاہی خاندان نے اس حوالے سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی لیکن برطانوی شاہی خاندان اور محل پر نظر رکھنے والے تاریخ دان و تعلیم دان یونیورسٹی کالج لندن کے پروفیسر باب مورس کے مطابق برطانیہ کے سابق بادشاہ جارج پنجم نے 1917 میں شاہی خاندان کی آبادی بڑھنے پر شاہی خاندان اور محل کے قوانین میں ترمیم کرکے گئے تھے۔ جارج پنجم کی جانب سے ترمیم کی گئی تھی کہ اب مستقبل میں شہزادے اور شہزادی کا لقب ولی عہد اور اس کے بڑے بیٹے اور بڑے پوتے کے بچوں تک محدود ہوگا۔