ممبئی میں مسلم ہاکرس کو زدکوب ، بی جے پی ورکرس کیخلاف معاملہ درج

   

ممبئی : ممبئی کے شیواجی پارک پولیس اسٹیشن نے بی جے پی کے نو کارکنوں کے خلاف وسطی ممبئی کے دادر مارکیٹ کے علاقے میں مسلم پھیری والوں سے مبینہ طور پر بدسلوکی کرنے اور زدکوب کرنے کے معاملے میں ایک مقدمہ درج کیا ہے لیکن انکی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی البتہ پولیس نے انھیں نوٹس جاری کیا ہے ۔ شیواجی پارک پولیس نے پھیری والے کی شکایت پر اکشتا تندولکر اور آٹھ دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ شکایت کنندہ کے مطابق اکشتا تندولکر اور اس کے آٹھ ساتھی رنگولی اسٹور کے سامنے دادر مارکیٹ کے علاقے میں پہنچے اور مبینہ طور پر ہاکروں سے پوچھا کہ کیا وہ مسلمان ہیں، جس کے بعد انہوں نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی اور بعد میں ان کی پٹائی کی۔ کارکنوں نے سفیان شاہد علی نامی ایک پھیری والے سے پہلے اس کا نام پوچھا اور پھر گالی گلوچ اور مار پیٹ کی۔ جب علی بھاگنے لگا تو انہوں نے اس کا پیچھا کیا اور پھر اسے دوبارہ بری طرح سے زدو کوب کیا۔ ایک اطلاع کے مطابق کشمیر میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد چند بھگوا کارکنوں نے مسلم پھیری والوں کیخلاف مہم چھیڑی ہے ۔