ممبئی : دسہرہ تہوار کے موقع پر ممبئی کے مشہور باندرہ ۔ ورلی سی لنک پر ایک دلسوز حادثہ رونما ہوا جس میں ایک ایمبولنس اور چار کاروں میں سوار پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ بی ایم سی ڈیزاسٹر سیل نے یہ بات بتائی ۔ تفصیلات کے مطابق حادثہ دوپہر 2:15 بجے رونما ہوا ۔ مہلوکین کے علاوہ 8 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے جن میں ٹول پوسٹ اسٹاف کے ارکان بھی شامل ہیں ۔ مہلوکین کی 36سالہ جگدیش کدم ، 32سالہ سومناتھ برمالے ، 40سالہ راجندر سنگھل 42سالہ گجراج سنگھ اور 35سالہ ستیندر سنگھ کی حیثیت سے شناخت ہوئیہے جبکہ زخمیوں میں 28سالہ عالیہ خان بھی شامل ہے جنہیں شہر کے مختلف ہاسپٹلس میں شریک کیا گیا ۔ اس حادثہ پر وزیراعظم نریندر مودی نے شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ارکان خاندان سے تعزیت اور زخمیوں کے جلد شفایاب ہونے کا اظہار کیا ۔