منشیات کی جانچ کیلئے ٹسٹنگ کٹس کے مثبت نتائج

   

مشتبہ اور مشکوک افراد کا بھی ٹسٹ، منشیات سے چھٹکارہ دلانے ایڈیکشن سنٹرس کا قیام
ایس ایم بلال
حیدرآباد۔ 19 اپریل : منشیات کے استعمال اور اس لت کو روکنے کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ اینٹی ناکوٹیکس بیورو (TSNAB) کی جانب سے متعارف کئے گئے منشیات کے پیشاب کے ٹسٹنگ کٹس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ڈائرکٹر ٹی ایس نیب سندیپ شنڈیلیا نے اپنے ایک اقدام میں ریاست کو منشیات سے پاک بنانے اور نوجوانوں کو اس لت سے دور کرنے کے لئے ایک یورین ٹسٹنگ کٹس حاصل کئے اور اس کا استعمال غیر سماجی عناصر اور روڈی شیٹرس پر کیا جارہا ہے۔ ان یورین ٹسٹنگ کٹس کے ذریعہ حالیہ دنوں 239 روڈی شیٹرس کو حراست میں لیا گیا تھا اور ان کے پیشاب کے معائنے کئے گئے تھے جن میں 188 روڈی شیٹرس پازیٹیو یعنی منشیات کا استعمال کرتے ہوئے پائے گئے۔ ٹسٹنگ کٹس کے ذریعہ ٹاسک فورس نے یہ پتہ لگایا تھا کہ کن کن روڈی شیٹرس نے کس قسم کے منشیات یعنی گانجہ، افیم، کوکین یا ایم ڈی ایم اے منشیات کا استعمال کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انسداد منشیات فورس ایگل ٹیم نے اسی قسم کی ایک کارروائی کرتے ہوئے معین آباد میں واقع فارم ہاوز پر دھاوا کیا جہاں پر 11 افراد بشمول بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی اور آندھرا پردیش کے تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ پٹا مہیش کمار یادو بھی شامل ہیں۔ اس دھاوے میں ایگل ٹیم نے بیک وقت فارم ہاوز میں موجود افراد کے پیشاب کے ٹسٹ کئے تھے جس کے ذریعہ فوری طور پر منشیات کے استعمال کا پتہ لگایا گیا اور انہیں گرفتار بھی کرلیا گیا تھا۔ سندیپ شنڈیلیا ڈائرکٹر ٹی ایس نیب نے اپنے ایک اقدام میں تلنگانہ پولیس بالخصوص حیدرآباد، سائبر آباد، ملکاجگری اور فیوچر سٹی کمشنریٹس حدود میں رات کے اوقات میں مشتبہ حالت میں گھومنے والے افراد جن میں نوجوان بھی شامل ہیں کا فی الفور پیشاب کیا معائنہ کیا جائے تاکہ منشیات کے استعمال کا پتہ لگایا جاسکے۔ بڑھتے جرائم کے رجحان میں پولیس نے دیکھا ہے کہ مقتول اور قاتل دونوں منشیات خاص طور پر گانجہ کا استعمال کرتے ہوئے پائے گئے ہیں۔ ٹی ایس نیب کی جانب سے حاصل کئے گئے ٹسٹنگ کٹس پولیس کے لئے مددگار ثابت ہو رہے ہیں چونکہ مشتبہ افراد یا مشکوک حرکات میں ملوث افراد کے معائنہ کرنے پر انہیں فوری طور پر منشیات کے استعمال کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ اتناہی نہیں سندیپ شنڈیلیا نے ریاست کو منشیات سے پاک کرنے اور نوجوانوں کے بہتری کے لئے ریاست بھر میں 35 ڈی ایڈیکشن سنٹرس بھی قائم کئے ہیں اور انسداد منشیات فورس ایگل ٹیم بھی سرگرم ہے۔ F/M